Live Updates

جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد پاناما پیپر کیس مکمل طور پر بند ہو جائے گا،تحریک انصاف کی وزیر اعظم سے استعفی لینے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی ، طارق فضل چوہدری

پیر 24 اپریل 2017 14:05

جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد پاناما پیپر کیس مکمل طور پر بند ہو جائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما پیپر کیس جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔ نجی ٹیلی ویژن نے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس پر فیصلہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے حق میں ہے اور جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی)کی تحقیقات کے بعد کیس مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور اس بات کا واضح ثبوت حال ہی میں تلہ گنگ میں ہو نے والے ضمنی انتخابات ہیں جس میں لوگوں نے (ن) لیگ کے امیدوار کو ووٹ دے کو واضح کامیابی دلائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں پیپلز پارٹی پر بھی کرپشن کے مقدمات قائم کئے گئے ان میں سے کوئی بھی کیس مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درج نہیں کرایا گیا۔

(جاری ہے)

پاناما پیپرز فیصلے کے حوالے سے انھوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کے فیصلہ کو پی ٹی آئی نے پہلے دن قبول کیا جبکہ دوسرے دن احتجاج کرنا شروع کر دیا ۔وزیر مملکت کیڈ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے استعفی لینے کی تحریک انصاف کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات