موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کررہی ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 24 اپریل 2017 13:58

موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کررہی ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے محکمہ تعمیرات متعین کردہ طریقہ کار پر عمل درآمد کوہر صورت یقینی بنائیں ‘ سیکریٹری تعمیرات (SOPs) تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے مروجہ طریقہ کا ر پر عمل درآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کا جامع نظام وضع کر ے اور مروجہ طریقہ کار پر عمل درآمد نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائے ۔

ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جون کے بعد سرکاری ملازمین کے لیے متعین کردہ پالیسی پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے بلاتفریق ایس ۔ اے سیزاور دیگر ملازمین جو تین سالوں سے ایک ہی جگہ پر تعینات ہیں ان کے نئے اضلاع میں بھی تبادلوں کویقینی بنائیں‘ مئی کے اختتام سے قبل نئے سکیموں کا ٹینڈر مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری ہوم کو ہدایت کی ہے کہ سڑک کنارے سے ملحقہ علاقوں سے بجری نکالنے پر فوری پابندی عائد کی جائے ‘بجری نکالنے سے سڑک کو نقصان پہنچتا ہے‘ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ضلع غذر، ہنزہ اور نگر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت تا غذرایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ سی پیک میں شامل کیا گیا ہے اس منصوبے کے حوالے سے پلاننگ ڈویژن سے ٹائم فریم مانگا ہے منصوبے پر کام میں تاخیر ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت ہی گلگت تا بیرچی تک منصوبے پر کام کا آغاز کریگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں کوئی بھی منصوبہ بروقت مکمل نہیں ہوئے ‘ 10 سالوں میں سابقہ حکمرانوں نے ایک بھی پل کا کام مکمل نہیں کرایا ہمارے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں ۔ سلیپی آر سی سی پل کو 2 سال کے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح آئندہ ماہ ہوگا اور اسی طرح شیر قلعہ پل کو بھی مختصر مدت میں مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے سیکر ٹری تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ ایمت تا مترم داس روڑ کی تعمیر کے لیے کاغذی کاروائی عمل میں لائی جائے۔