وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق 2018ء میں توانائی بحران پر قابو پا لیا جائے گا،محمد ثقلین بخاری

پیر 24 اپریل 2017 11:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد ثقلین بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ویژن اور قوم سے کئے وعدوں کے مطابق 2018ء کے انتخابات سے قبل توانائی بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے 2013ء کی انتخابی مہم کے دوران قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ توانائی بحران کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیں گے اور اقتدار میں آنے کے بعد سب سے زیادہ کام بھی توانائی بحران پر قابو پانے پر کیا گیا اور ہوا ،کوئلے، شمسی اور تھرمل پراجیکٹس کا آغاز کیا گیا جن پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ملک وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیا دت مین تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور چین کے تعاون سے بھکھی ،ساہیوال،بہاولپور،پورٹ قاسم اور تربیلا پاور پراجیکٹس پر تعمیری کام زوروشور سے جاری ہے ۔بھکھی سے 717 ،ساہیوال سے 660،پورٹ قاسم سے 660 اور تربیلا سے 210میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی اور 2018 ء کے انتخابات سے قبل پاکستان کو لوڈ شیڈنگ سے مکمل چھٹکارہ مل جائے گا۔