k4منصوبے کی ناکامی حکومت وقت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، محمد یوسف

عشرت العباد اور ناظم مصطفی کمال نے اپنے دور میں وسائل کا منصفانہ استعمال نہ کرکے عوام کو بنیادی مسائل سے محروم کیا،جماعت اسلامی ضلع وسطی کے جنرل سکریٹری کا مظاہرے سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) جماعت اسلامی ضلع وسطی کے جنرل سکریٹری محمد یوسف نے کہا ہے کہ k4منصوبے کی ناکامی حکومت وقت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گورنر سندھ عشرت العباد اور سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے اپنے دور میں وسائل کا منصفانہ استعمال نہ کرکے عوام کو بنیادی مسائل سے محروم کیا اور آج خودمگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں،جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اور مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی نارتھ ناظم آباد زون کی یوسی میں پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت پانی کی قلت کے خلاف مصطفی آباد میں احتجاجی مظاہر ہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرے سے امیر زون اویس یاسین ،پبلک ایڈ کمیٹی زون کے ذمہ دارعبدالاحد فریدی اور علاقے کے سماجی رہنما سید رجب علی سمیت اہل علاقہ کے مکینوں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں شرکائ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرزاٴْٹھا رکھے تھے جن پرواٹر بورڈ کے خلاف اور پانی بحال کرنے کے حق میں نعرے درج تھے۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ میئر عبدالستار افغانی نے حب سے کراچی کے لیے کئی گیلن پانی کا منصوبہ کا آغاز کیا تھااور عوام کو پانی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے پانی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے k3 کا منصوبہ مکمل کیا تھا۔ لیکن آج موجودہ حکومت نے K4منصوبہ بنانے کے بجائے پانی کا رونا رورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کے الیکڑک کے خلاف 29اپریل کو گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ عبدالاحدفریدنے کہا کہ حکمرانوں کو کراچی کی کوئی پرواہ نہیں۔

پورا شہر مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔اگر حکومت نے پانی کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا تو 7مئی کو فائیواسٹارچورنگی پر دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارو ں کی نا اہلی نے کراچی کی عوام کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم کر دیا ہے۔ملک کو 70فیصدریونیو دینے والے شہرکے شہریوں کو پانی تک میسر نہیں ہے۔ کراچی کے شہری اپنے بنیادی حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں ہماری اولین ترجیح ہے کہ کراچی کی عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں۔کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔#