پاناما کیس کا فیصلہ خوش آئند ، عدالت عظمیٰ بلوچستان کے میگا کرپشن کیس پر سوموٹو نوٹس لیکر جے آئی ٹی تشکیل دے ،قاسم شاہوانی

اتوار 23 اپریل 2017 23:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء میر قاسم شاہوانی نے پاناما کیس کے حوالے سے آنے والے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی عدالت عظمیٰ بلوچستان کے میگا کرپشن کیس پر سوموٹو نوٹس لے کر جے آئی ٹی تشکیل دے تاکہ ملک اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو وصول کیا جاسکے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے احتساب اور اصل حقائق جاننے کیلئے جے ٹی آئی کو تشکیل دینا بہتر اقدام ہے جے آئی ٹی کا فیصلہ تخت رائے ونڈ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا اس لئے ہماری سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ بلوچستان کے میگا کرپشن کے کیس جس میں سابق سیکرٹری خزانہ کے گھر سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے تھے مذکورہ کیس کی تحقیقات اور لوٹی ہوئی دولت کو واپس قومی خزانے میں لانے کیلئے سوموٹو نوٹس لیتے ہوئے ایک جے آئی ٹی تشکیل دے تاکہ نیب کی جانب سے جن لوگوں کو سلطانی گواہ بنا کر پیش کیا جارہا ہے اس عمل سے پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کا تدارک کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں ملک اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس لانے اور کرپشن کا راستہ روکنے کیلئے موثر طریقے سے جدوجہد کررہی ہے جس کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا کیونکہ یہ جدوجہد کرپشن سے پاک ملک اور قوم کے مفاد میں ہیں اس ہر صورت مکمل کریں گے اور پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کا فیصلہ تخت رائے ونڈ کی کرپشن کو روکنے کیلئے موثر ثابت ہوگا۔