Live Updates

مسلم لیگ (ن) کے کارکن عدالت عظمی کا فیصلہ پڑھ لیتے تو مٹھائیاں تقسیم نہ کرتے،عدالتی فیصلے کا اردو میں ترجمہ کراکے کاپیاں تقسیم کریں گے،پاناما کیس پر پی پی اور پی ٹی آئی کا موقف ایک ہے، سندھ کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں، و ہ پیپلز پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کی ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 22:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن عدالت عظمی کا فیصلہ پڑھ لیتے تو مٹھائیاں تقسیم نہ کرتے۔ 28اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے جس میں کارکنوںاور عوام کو فیصلہ کی اردو میں ترجمہ کراکے کاپیاں تقسیم کی جائیں گی تاکہ وہ اس فیصلہ بارے اپنی رائے دیں۔

پی ٹی آئی نے پانامہ بارے جو موقف دیا ہے وہی موقف پیپلز پارٹی کا ہے۔ سندھ کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ و ہ پیپلز پارٹی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ دادو سندھ کی عوام نے پی ٹی آئی کی قیادت کو احساس دلایا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں جنہیں نہ تو صاف پینے کی سہولت میسر ہے نہ روزگار ہے۔

(جاری ہے)

عام شہریوں کو ضروریات زندگی تک میسر نہیں ہیں ۔بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ اقرباپروری کی یہ حالت ہے کہ ہر محکمے میں سیاسی مداخلت ہے کرپشن اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ سے لوگ پریشان حال ہیں ۔سندھ تبدیلی کے لئے تیار ہے مگر رابطے کا فقدان ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام نے پی ٹی آئی کا 2016اپریل سے 2017 اپریل تک ساتھ دیا ۔

پاناما کیس کے حوالے سے عوام نے بھرپور ساتھ دیا جب فیصلہ آیا تو یہی تاثر دیا گیا کہ حکومت وقت کے حق میں فیصلہ دیا گیا ہے۔ شہر شہر لیگی کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں ۔انہوں نے کہا کہ دو ججز صاحبان کا میاں نواز شریف کی نااہلی بارے فیصلہ واضح ہے جس پر ان کی اہلیت بارے سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے تاہم اب ان کی جے آئی ٹی کے سامنے تحقیقات ہوں گی لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف مستعفی ہوں تاکہ وہ تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی پر اثر انداز نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سب سے بڑی بار نے بھی وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سات دن کی مہلت دی ہے کہ وہ مستعفی ہوجائیں ورنہ ملک کی وکلاء برادری اپنا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا موقف یکجا ہے تاہم ہماری لڑائی کرپشن کے خلاف ہے ،کرپشن کی زد میں جو بھی آتا ہے اس کے خلاف ضرور کاروائی کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات