اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم اسامہ اعجاز پر پنجاب یونیورسٹی میں قاتلانہ حملہ ‘ ناظم جمعیت حملے میں محفوظ رہے

اسامہ اعجاز کیمیکل ڈیپارٹمنٹ کے سامنے موجود انڈر پاس سے گزر رہے تھے تو وہاں پہلے سے موجود افراد نے ان پر فائرنگ شروع کردی

اتوار 23 اپریل 2017 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم اسامہ اعجاز پر پنجاب یونیورسٹی میں قاتلانہ حملہ ‘ ناظم جمعیت حملے میں محفوظ رہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اسامہ اعجاز پر کیمیکل ڈیپارٹمنٹ انڈر پاس کے قریب قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جمعیت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسامہ اعجاز کیمیکل ڈیپارٹمنٹ کے سامنے موجود انڈر پاس سے گزر رہے تھے تو وہاں پہلے سے موجود افراد نے ان پر فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے دوران جمعیت کے ناظم محفوظ رہے اور حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

حملے کے بعد جمعیت کے کارکنان یونیورسٹی میں جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں اور انہوں نے حملہ آوروں کو گرفتارکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے کیمپس پل پر دھرنا دے گی واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جمعیت اور پختون طلبہ کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد یونیورسٹی میں حالات کشید ہ ہوگئے تھے ، جبکہ جمعیت کے ذرائع نے موجود ہ حملے کو بھی اسی جھگڑے کا شاخسانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس حملے میں پختون طلبہ ملوث ہو سکتے ہیں۔