پیپلز پارٹی کا سندھ میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کیخلاف ملیر کے مختلف علاقوں سے احتجاجی ریلیاں نکال کرملیر پریس کلب کے سامنے دھرنا

دھرنے میں شامل پی پی کے ہزاروں کارکنان نے گو نواز گو اور نونواز نو کے نعرے لگائے

اتوار 23 اپریل 2017 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے خلاف ملیر کے مختلف علاقوں سے احتجاجی ریلیاں نکال کرملیر پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا گیا، دھرنے میں شامل پی پی کے ہزاروں کارکنان نے گو نواز گو اور نونواز نو کے نعرے لگائے ، اور وزیر مملکت عابد شیر علی کے پتلے کو آگ لگائی۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق ؛پیپلز پارٹی ملیر کی جانب سے سندھ میں جاری بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے خلاف ملیر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیں گئیں اور تمام ریلیاں ملیر پریس کلب پر جمع ہوگئیں، پیپلز پارٹی کے کارکنان نے وفاقی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر بھی دہرنا دیا ، احتجاج کی قیادت پی پی ضلع ملیر کے صدر غلام مرتضیٰ بلوچ، جنرل سیکریٹری ایم پی اے ساجد جوکھیو، ایم این اے حکیم بلوچ،ضلع کائونسل کراچی کے چیئرمین سلمان عبداللہ مراد ، وائس چیئرمین رفیق دائود جت، ایم پی اے شاہینہ شیر علی بلوچ، میر عباس تالپور، راجارزاق بلوچ، نعمان مراد، سلیم بلوچ، نذیراحمد بھٹو، امان مسعود و دیگر نے کی ، احتجاجی دہرنے کو خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ نوا ز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دینے کے باوجود ن لیگ والے مٹھایاں بانٹ رہے ہیں اور عابد شیر علی جیسے مزاحیہ سیاستدان ن لیگ کو خود بدنام کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت نواز حکومت سندھ میں 18 ، 18 گھنٹے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، ایک طرف سندھ میں بجلی اور گیس نہیں ہے تو دوسری طرف پانی کی کمی کی وجہ سے زمینیں بنجر ہورہی ہیں ،نواز شریف کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ استعفیٰ دے، احتجاج اور دھرنے میں ضلع کائونسل کراچی کے ممبر اختر یوسف عارفانی، آغا طارق پٹھان، مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین علی احمد جوکھیو، منظور بلوچ، مزدوررہنما شمشاد قریشی اور مختلف یوسیز کے چیئرمین ، وائس چیئرمین ، کائونسلر اور کارکنان و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔