عمر کوٹ میں گیس کی فراہمی اور ہسپتالوں،اسکولز، پینے کا صاف پانی اور سڑکوں کا جال بنیادی ترجیحات میں شامل ہے، صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ

عمرکوٹ کے منتخب نمائندے ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کر رہیں ہیں تاکہ کام کا معیار اچھا رہے اور مقرر کردہ وقت پر ختم ہو جائے

اتوار 23 اپریل 2017 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) صوبائی وزیر ثقافت،سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ عمر کوٹ میں گیس کی فراہمی اور پورے ضلع میں ترقیاتی کاموں بالخصوص ہسپتالوں،اسکولز، پینے کا صاف پانی اور سڑکوں کا جال بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ عمرکوٹ کے منتخب نمائندے ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کر رہیں ہیں تاکہ کام کا معیار اچھا رہے اور مقرر کردہ وقت پر ختم ہو جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرکوٹ کی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع عمر کوٹ کے منتخب رکن اسمبلی, عوامی نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جن میں ایم این اے نواب یوسف ٹالپر, ایم این اے منور ٹالپر, سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ, وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی نواب تیمور ٹالپر, چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ سید نور علی شاہ, ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن, چیئرمین عشروزکوات غلام اکبر درس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلع عمرکوٹ کے منتخب نمائندوں کے اجلاس میں صوبائی و ضلعی جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے مکمل کرانے پر زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جاری منصوبوں کو ڈی سی عمرکوٹ کی نگرانی میں جلد از جلد مکمل کرایا جائیگا جبکہ مزید منصوبوں کی تکمیل کے لیے وزیراعلی' سندھ سے اضافی فنڈز کی درخواست دینے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ کل 22 اپریل کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے وزیراعلی ہاس میں ہوا تھا جس میں وزیراعلی سندھ نے عمرکوٹ کی ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحاتی بنیادوں پر مکمل کرانے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت عمرکوٹ میں 10مختلف محکموں کی 49 اسکیمیں جاری ہیں، ان اسکیموں کی کل مالیت 1470.815 ملین روپے ہے جب کہ 1007.520 ملین روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ 700 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمر کوٹ کی 8 اسکیمیں ایسی ہیں جن کے 100 فیصد فنڈز جاری کئے گئے ہیں جو جون 2017 میں مکمل ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ضلع عمرکوٹ کی ڈیولپمنٹ پر توجہ دے رہی ہے ،2011کی شدید بارشوں نے عمر کو ٹ کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر دیا تھا ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ ضلع عمرکوٹ کے اہم ترقیاتی کاموں کو جلداز جلد مکمل کرایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ضلعہ کی 49 اسکیموں میں سے محکمہ ثقافت کی 1، محکمہ تعلیم کی 5، صحت کی 1، آبپاشی کی 4، قانون کی 1، محکمہ بلدیات کی 2، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی10، محکمہ رورل کی 3، محکمہ کھیل کی 2 اور محکمہ ورکس کی 19اسکیمیں شامل ہیں۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے کل وزیر اعلی سندھ کو ضلعی ہیڈ کوارٹر عمرکوٹ کو گیس فراہم کرنے کے لیے کہا اس پر وزیراعلی سندھ نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ ضلع عمر کوٹ کو جلد گیس کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :