امریکی رکن کانگریس کا امریکا میں مقیم مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے عزم کا اظہار

امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ہر ممکن تعاون کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے میں معاونت کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات بھی کریں گے، ڈینیئل ڈونووین کا پاکستانی قونصلیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 21:40

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) امریکی رکن کانگریس ڈینیئل ڈونوویننے امریکا میں مقیم مسلمانوں کو حقوق کا تحفظ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ہر ممکن تعاون کے لیے پر عزم ہیں، پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے میں معاونت کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات بھی کریں گے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں امریکی حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس ڈینیئل ڈونووین نے کہا کہ وہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ہر ممکن تعاون کے لیے پر عزم ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ڈینیئل کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوششیں کریں گے کہ امریکا میں رہنے والے مسلمانوں کو ہر طرح کی آزادی حاصل رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے میں معاونت کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات بھی کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو کے کیسز اب بھی سامنے آرہے ہیں جبکہ دوسرا ملک افغانستان ہے۔

ڈینیئل نے کہا کہ امریکی آئین آزادی مذہب کی اجازت دیتا ہے اور کوئی ایسا قانون نہیں ہوسکتا جو مسلمانوں کو امریکا آنے سے روکے۔تقریب میں موجود قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے امریکی رکن کانگریس ڈینیئل ڈونووین کا شکریہ ادا کیا اور پاک امریکا تعلقات میں فروغ کی امید ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :