سندھ کو بجلی ، پانی اور گیس سے محروم کرنے والی مسلم لیگ ن اور نوازشریف ہیں، نثار احمد کھوڑو

اب گلی گلی گونواز گو کا نعرہ لگے گا اور جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دے گئے تب تک تحریک جاری رہے گی، صدر پیپلزپارٹی سندھ کا احتجاجی دھرنوں سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ کو بجلی ، پانی اور گیس سے محروم کرنے والی مسلم لیگ ن اور نوازشریف ہیں ۔،سندھ نے آج گونواز گو کی شروعات کردی ہے اب گلی گلی گونواز گو کا نعرہ لگے گا اور جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دے گئے تب تک تحریک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حسن اسکوائر اور ضلع ویسٹ کراچی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ، گیس اور پانی کی عدم فراہمی سمیت نوازشریف کے خلاف دھرنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا نثار کھوڑو نے کہا کہ پانی ، بجلی اور گیس پر سب سے زیادہ حق سندھ کا ہے اور ن لیگ کی وفاقی حکومت سندھ کی عوام کے ساتھ زیادتی کررہی ہے جو زیادتی برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ سندھ میں 20 گھنٹے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کی عوام کو عذاب میں مبتلا کیا گیا ہے تو دوسری طرف سندھ کی جانب سے 70 فیصد گیس پیدا کرنے کے باوجود سندھ کو گیس فراہم نہیں کی جارہی ہیے جبکہ پنجاب کی جانب سے 2 فیصد گیس بھی پیدا نہیں کی جارہی ہے مگر پنجاب کو گیس کی فراہمی جاری ہے جو کہ ن لیگ کی حکومت کا دوہرا معیار ہے اس لیے وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کے ساتھ نارواسکوک اور دوہرا معیار بند کرے انہوں نے کہا کہ پانی پر سب سے زیادہ حق ٹیل والوں کا ہوتا ہے اور سندھ ٹیل پر ہے وفاقی حکومت سندھ میں پانی کا منصوعی بحران پیدا کرکے سندھ کو بنجر بنانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ گڈو سے اوپر پنجاب کی جانب سے لنک کینالوں سے پانی کم کرکے زبردستی لیا جارہا ہے جس وجہ سے سندھ میں پانی کی کمی 50 فیصد ہوگی ہے سندھ کی جانب سے متعدد بار احتجاج کے باوجود وفاق کو سندھ کو احتجاج نظر نہیں آرہا انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پانی کے 1991 ء کے معاہدے پر عمل کرکے زیادتیوں کے ازالہ کے لیے فوری طور پر مشترکا مفادات کونسل(سی سی آئی) کا اجلاس بلایا جائے جس میں سندھ کی جانب سے اپنا بھرپور کیس پیش کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ زیادتیاں کرکے سندھ کی عوام سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی ملزمان کے خلاف تشکیل دی جاتی ہے اور پانامہ کیس میں جے آئی ٹی کے متعلق عدالتی حکم کے بعد ملزم کو وزرات عظمی کے عہدے پر رہنا کا کوئی حق نہیں ہے اس لیے میاں صاحب آپ کو استعفیٰ دینا پڑیگا جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دے گئے گلی گلی گو نواز گو تحریک جاری رہی گی ۔