حیدرآباد: پاناما کیس فیصلے کے بعد وزیراعظم جتنے عرصے رہیں گے ذلت کے ساتھ وقت گزاریں گے، مولابخش چانڈیو

سپریم کورٹ کے جھوٹا قرار دیئے جانے کے بعد نواز شریف صادق و امین نہیں رہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں ججز کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز باقی نہیں بچا، وہ جتنے عرصے وزیراعظم رہیں گے ذلت کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ ہم جمہوریت کے دشمن نہیں ، ہم جمہوریت کے پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

نواز شریف کے کئی رشتے دار وزیر ہیں انہیں وزیر بنادیں ۔ حسین آباد میں حیسکو چیف کے آفس کے سامنے پیپلزپارٹی کی جانب سے دیئے جانے والے دھرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پاناما کیس میں دو ججز نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا ہے۔ جبکہ تین ججز نے کہا ہے کہ انہوں نے جھوٹ بولا ہے اور دستاویزات چھپائے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے جھوٹا قرار دیئے جانے کے بعد آپ صادق و امین نہیں رہے۔ آپ کو جانا پڑے گا ، ہمیں پتہ ہے کہ آپ مسلم لیگ(ن) کے وزیراعظم ہیں، آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہر امر نے مسلم کو استعمال کیا ہے او رمسلم لیگ(ن) امروں کی پسندیدہ جماعت ہے۔ آپ نے کچھ وزیر چھوڑے ہوئے ہیں ، واپڈا کا وزیر ظالم ہے ، جھوٹا ہے وہ عوام دشمن اور خود نواز شریف کا دشمن ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے جو لوگ مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں انہیں شرم آنی چاہئے ، وزیرداخلہ کیوں نہیں کہتے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو بری کردیا ہے ، میں کہتا ہوں کہ آپ کو ملک چلانا ہے تو آپ کو اداروں کا احترام کرنا ہوگا۔ آپ کے کئی رشتے دار وزیر ہیں ان میں سے کسی کو بھی وزیراعظم بنادیں۔ انہوں نے کہاکہ پاناما فیصلہ آنے کے نواز شریف کا وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا ہے وہ جتنی دیر بھی بیٹھیں گے ذلت کے ساتھ بیٹھیں گے۔

پورا ملک کہہ رہا ہے کہ آپ مستعفی ہوجائیں، انہوں نے کہاکہ میاں صاحب کی حکومت مہمان ہے انہیں جانا ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا سمجھدار لوگ عمران خان کو سمجھائیں ، انگلیوں کے ذریعے حکومت نہیں جایا کرتی۔ ہمیں تو ایسا لگتا ہے جیسے خان صاحب نے مسلم لیگ(ن) سے مک مکا کرلیا ہے۔