ایم کیوایم (پاکستان ) کے زیراہتمام حقوق ریلی ماضی قریب کا سب سے بڑا عوامی طاقت کا مظاہرہ تھا

عوام کا جم غفیر جہانگیرروڈسے ہوتا ہوا گرومندر کے قریب پہنچا تو اس کا دوسرا ’’سِرا‘‘ لیاقت آباد 10نمبر پر ہی تھا

اتوار 23 اپریل 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی ’’حقوق ریلی ‘‘ سہ پہر 4بجے شروع ہوئی اور جب عوام کا جم غفیر جہانگیرروڈسے ہوتا ہوا گرومندر کے قریب پہنچا تو اس کا دوسرا ’’سِرا‘‘ لیاقت آباد 10نمبر پر ہی تھا ۔ اطراف کی سڑکوں سے بھی عوامی جلوس اس بڑی ریلی میں داخل ہوتے رہے ۔ ایم کیوایم (پاکستان ) کے زیراہتمام یہ ریلی ماضی قریب کا سب سے بڑا عوامی طاقت کا مظاہرہ تھا ، افرادی قوت کا اندازہ لگانے والے افراد اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جتنے بڑے رقبے پر یہ ریلی پھیلی ہوئی یہ لاکھوں افراد پر مشتمل ہے ، عوام موٹر سائیکلوں ، کاروں ، سوزوکیوں ، ٹرکوں، ویگنوں پر سوار ہوکر اس ریلی میں شریک تھے ، سڑکوں پر سائونڈ سسٹم کی مدد سے ایم کیوایم (پاکستان ) کے ترانے بجائے جاتے رہے ، ایم کیوایم (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین نے اس ریلی کی قیادت کی جبکہ ڈسٹرکٹ آرگنائزر اور علاقائی ذمہ داروں کی قیادت میں ہزاروں گاڑیاں اس ریلی میں شریک تھیں ۔

(جاری ہے)

یہ ریلی ایم کیوایم (پاکستان ) کے مطالبات کے حق میں عوامی فیصلہ تھا جبکہ حکومت سندھ کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف ایک ریفرنڈم ثابت ہوئی ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندگان ، نجی ٹیلی ویژن کے کیمرے اس عظیم الشان ریلی کو مسلسل کور کرتے رہے ، ماضی میں ہونے والے تمام مظاہروں ، احتجاج اور دھرنوں کے مقابلے میں یہ ریلی یکطرفہ طور پر عوامی طاقت کا سب سے بڑا اجتماع تھا ، اس ریلی نے ثابت کردیا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مینڈیٹ کل بھی ایم کیوایم کے پاس تھا اور آج بھی ہے اور آئندہ بھی یہ عوامی مینڈیٹ ایم کیوایم (پاکستان ) کا مقدر تھا ۔