’’حقوق ریلی ‘‘ پرآشوب دور میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ثابت ہوئی

کراچی کے عوام کا شعو ر ریلی میں اپنے عروج پر دکھائی دیا اور وہ سیاسی حقوق کے حصول کیلئے ’’حقوق ریلی ‘‘ کے پرچم تلے متحد و متحرک نظرآرہے تھے

اتوار 23 اپریل 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیراہتمام ’’سنوکراچی ‘‘ کے تحت ’’حقوق ریلی ‘‘کراچی کی عوام کو جگانے کیلئے کہ ’’بدل دو کراچی ‘‘اور ’’جاگو کراچی‘‘ کے نعروں کے ساتھ سڑکوں پر رواں دواں تھی ۔ ریلی کی گزرگاہوں پر عوام کا جوش و خروش قابل ذکر تھا ، جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں تھی جبکہ یہ ریلی اس پرآشوب دور میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے جو تعمیر و ترقی کے عظیم شاہکار کے حصول کیلئے نکالی گئی تھی ، روشنیوں کے شہر کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنانے کیلئے منعقد کی گئی تھی ۔

کراچی کے عوام کا شعو ر ریلی میں اپنے عروج پر دکھائی دیا اور وہ سیاسی حقوق کے حصول کیلئے ’’حقوق ریلی ‘‘ کے پرچم تلے متحد و متحرک نظرآرہے تھے ۔

(جاری ہے)

ریلی کا جوش و ولولہ سندھ کے حکمرانوں کیلئے ایک انتباہ ہے کہ وہ عوام کے حقوق عوام کے سپرد کریں ، سندھ کے شہری علاقوں کے منتخب نمائندوں سمیت پورے سندھ کے منتخب نمائندوں کو ان کے حقوق اور اختیارات فوری منتقل کئے جائیں ، بلدیاتی نظام کو قائم ہوئے سال بھر کا عرصہ ہونے کو آرہا ہے اور شہری ادارے ابھی تک اپنے اختیارات چاہے وہ سیاسی ہوں، انتظامی ہوں یا مالی اس سے محروم دکھائی دیتے ہیں ، سندھ کے شہری علاقوں نے اپنی متحدہ آواز ، متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیر اہتمام حقوق ریلی کے ذریعے بلند کی ہے یہ قافلہ غریب و متوسط طبقے کے حقوق حاصل کرکے ہی دم لے گا ۔