ایم کیوایم (پاکستان ) کی ’’حقوق ریلی ‘‘ نے رواں دواں ہونے سے قبل ہی شہر میں سماں باندھ دیا

مزار قائد پر ٹرکوں پر مشتمل وسیع و عریض اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر مختلف مطالبات سمیت سرخ رنگ سے ’’حقوق ریلی ‘‘ جلی حروف میں درج تھا ریلی کی مدد سے حکومت سندھ سے جو مطالبات کئے گئے ہیں اس پر سندھ کے شہری علاقوں کی تمام سیاسی اکائیاں متحد نظر آتی ہے

اتوار 23 اپریل 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیر اہتمام لیاقت آباد 10تا مزار قائد اعظم تک رواں دواں ہونے والی ’’حقوق ریلی ‘‘ سے قبل ہی شہر میں سماں باندھ دیا ، جابجا استقبالیہ کیمپوں پر عوام کا رش اور اس میں بجائے جانے والے ایم کیوایم (پاکستان ) کے ترانوں نے عوام و کارکنان میں جوش و ولولہ پیدا کررکھا تھا ۔

ایم کیوایم (پاکستان ) کے سہ رنگی پرچموں سے آراستہ گاڑیاں ریلی کی گزار گاہ کی جانب رواں دواں نظر آرہی ہیں اور ریلی کے شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا ، فلک شگاف نعروں سے فضا گونج رہی تھی ۔ مزار قائد اعظم پر ٹرکوں پر مشتمل وسیع و عریض اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر منتخب مطالبات سمیت سرخ رنگ سے ’’حقوق ریلی ‘‘ جلی حروف میں درج تھا ۔

(جاری ہے)

اسکرین پر سندھ کے شہری علاقوں کے بنیادی مسائل کونعروں کی مدد سے اجاگر کیا گیا تھا ، پانی ، بجلی ، صحت ، روزگار اور تحفظ کیلئے نعرے درج تھے ۔

ریلی کا آغاز ابھی لیاقت آباد سے نہیں ہوا تھا اور سڑک شرکاء سے پُر ہوتی جارہی تھی جبکہ مزار قائد اعظم پر بھی میڈیا نمائندگان کی آمد کا سلسلہ سہ پہر تین بجے سے شروع ہوچکا تھا جو اس ریلی کی کورریج کیلئے اپنی تیاریوں میں مصروف دکھائی دیئے ۔ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی حقوق ریلی سے شہر میں مثبت سیاسی ماحول پیدا کرنے میں مدد ملی ، اس ریلی کی ایک خصوصیت اور تھی کہ اس ریلی کی مدد سے حکومت سندھ سے جو مطالبات کئے گئے ہیں اس پر سندھ کے شہری علاقوں کی تمام سیاسی اکائیاں متحد نظر آتی ہے اور وہ نہ صرف اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ان مطالبات کی منظوری کیلئے جدوجہد کررہی ہیں بلکہ انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کی آواز میں بھی اپنی آواز ملائی ہے ، سیاسی اکائیوں کی یہ یکجہتی کراچی کے بہترترقی یافتہ اور تابناک مستقبل کی نوید سنا رہی تھی ۔