جے آئی ٹی قابل قبول نہیں،سپریم کورٹ فیصلہ نہیں دے سکتی تو ایک 18گریڈ کا آفیسر وزیر اعظم کیخلاف کیسے فیصلہ دے سکتا ہے پاکستان کی0 2کروڑ عوام فیصلے سے مایوس ہوچکے ہیں ،چو ر شور مچا کرنکلنا چاہتا ہے مگر کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے نوازشریف کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے مٹھائیاں کھلانے سے باشعور عوام کو بے وقوف نہیں بنایاجاسکتا

تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 20:30

ڈیرہ مرادجمالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہاہے کہ جے آئی ٹی قابل قبول نہیں کیونکہ جب سپریم کورٹ فیصلہ نہیں دے سکتی تو ایک اٹھار ہ گریڈ کا آفیسر وزیر اعظم کے خلاف کیسے فیصلہ دے سکتا ہے پاکستان کی0 2کروڑ عوام فیصلے سے مایوس ہوچکے ہیں چو ر شور مچا رہا ہے اور اس شور کا فائدہ اٹھا کر بیچ میں سے نکلنا چاہتا ہے مگر اسے کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے میاں صاحب کا حقیقی چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے مٹھائیاں اور دعوتیں کھلانے سے باشعور عوام کو بے وقوف نہیں بنایاجاسکتا ہے۔

وہ اتوار کو نصیرآباد کے علاقے میرحسن میں سابق صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسہ،سابق اسپیکربلوچستان اسمبلی میرظہورخان کھوسہ، سابق صوبائی وزرامیر فائق خان جمالی،میر عبدالغفورلہڑی،سردارسخی عبدالرزاق کھوسہ سردارذادہ میر بہرام خان بلیدی،میر منظورخان کھوسہ،میراحمد نوازخان کھوسہ حاجی اختیارخان کھوسہ،عطاء اللہ خان کھوسہ،میر آفتاب خان کھوسہ،میر اسفندیار خان جمالی ، شجاع علی کھوسہ، صاحبزادہ سکندرسلطان ،بشیراحمد کھوسہ، نصراللہ رندحسین پتافی ، اللہ داد دشتی سمیت دیگر بھی موجود تھے سرداریارمحمد رند کا کہنا تھاکہ دو ججز نے نواز شریف کو مجرم قرار دیا ہے تین نے جے آئی ٹی کا کہا جے آئی ٹی قاتلوں ، لٹیروں کے لئے بنائی جاتی ہے ، چور شور مچا رہے کہ وہ اس رش میں میں بیچ سے نکل جائے مگر اسے بھاگنے نہیں دیا جائے گاجے آئی ٹی قابل قبول نہیں ہے جس طرح اسحٰق ڈار اور مریم نواز شریف صاحبہ کو کلین چٹ مل چکی ہے ۔

انھوںنے کہاکہ جب ہم نے چار حلقوں میں دھاندلی کی نشاندہی کی تھی اور کہاتھاکہ 2013کے الیکشن دھاندلی یافتہ تھے ۔ اب 2018کے الیکشن ہم نہ ریگ ہونے دیں گے اور نہ مینج ہونے دیں گے ۔ انھوںنے کہاکہ میاں صاحب کو اب پتا ہونا چاہیے کہ ان کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے آپ کے مٹھائیاں اور کھانے کھلانے سے ملک کے باشعور عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے ہیں انھوںنے کہاکہ عمران خان عنقریب بلوچستان کا دورہ کرکے کوئٹہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے عمران خان کے کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔

انھوںنے کہاکہ ہماری جنگ عوام اور ملک کے حقوق کی جنگ ہے ہم ہراس کرپٹ سیاستدان کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔انھوں نے کہاکہ نصیرآباد ڈویژن میرا دوسرا گھر ہے یہاں رہنے والے قبائل کے ساتھ میرے تعلقات رشتہ داریاں ہیں اور نصیرآباد ڈویژن میں جو عوامی خدمت سے سرشار حقیقی عوامی نمائندے ہیں ان کا اتحاد جلد ہی بنتا ہوا آپ کو نظر آئے گا اور عوام کو جلد اچھی خوشخبری ملے گی انھوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ صوبے میں صرف کرپشن کرپشن اور کرپشن ہے یہاں کی حکومت کو عوام ، صوبے اور ملک سے کوئی غرض نہیں ہے غرض ہے تو صرف اتنی کہ کہاں سب سے زیادہ کمیشن ملے گی ۔

کچھی کینال تو درکنا ر پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال تباہ حال ہیں جو نصیرآباد ڈویژن کی معیشت کی لائف لائن سمجھی جاتی ہے مگر کوئی توجہ نہیں دے رہاہے فنڈز کی بندربانٹ جاری ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہمار اتحاد صرف انہی سیاسی جماعتوں سے ہوگا جو عوام ، صوبے اور پاکستان اور غریبوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں ہمار ا کسی بھی ایسی جماعت سے ہرگز اتحاد نہیں ہوگا جو انتہاپسند سوچ رکھتے ہوں ہم لبرل لوگ ہیں اور جمہوری سوچ رکھنے والی پارٹیوں سے ہی ہمارا اتحاد ہوگامردم شماری میں اگر افغان مہاجرین کو بھی شامل کیا گیا تو ہم کسی صورت اسے قبول نہیں کریں گے ۔