بعض افراد انتہاء پسندی اور دہشت گرد عناصر کے تعاون سے پاکستان علماء کونسل کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ‘طاہر محمو د اشرفی

بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کیلئے پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم قومی مصالحتی کونسل اپنا کردار ادا کرتی رہے گی‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 23 اپریل 2017 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان علماء کونسل انتہاء پسندی ،د ہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف اور عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کی تائید و حمایت اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمن ، مولانا فہیم الحسن ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا عبد القیوم ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا عبد الحکیم اطہر، مولانا رسال الدین ، مولانا حبیب الرحمن عابد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ایک نظریہ ، سوچ اور فکر کا نام ہے ، کسی فرد یا گروہ کو پاکستان علماء کونسل کو یرغمال نہیں بنانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد انتہاء پسندی اور دہشت گرد عناصر کے تعاون سے پاکستان علماء کونسل کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ، لیکن پاکستان علماء کونسل اکابرین علماء حق کی سرپرستی میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کیلئے پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم قومی مصالحتی کونسل اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔ رمضان المبارک میں ملک بھر میں افطار الصائم پروگرام شروع کیا جائے گا جس میں عوامی مقامات پر سحر و افطار کے انتظامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی عدالت نے پاکستان علماء کونسل کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے کسی بھی فرد یا گروہ کو پاکستان علماء کونسل کا نام استعمال کرنے سے روک دیا ہے جس کا پاکستان علماء کونسل خیر مقدم کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی قیادت پر الزامات لگانے والوں کے خلاف مرکزی وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر کی قیادت میں قانونی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو قانونی امور کو دیکھے گی ۔ دریں اثناء پاکستان علماء کونسل کے مرکزی ترجمان قاری محمد یونس شاہد نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی ہے کہ پاکستان علماء کونسل کا نام کسی بھی اور فرد یا گروہ کیلئے استعمال نہ کیا جائے ۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ہیں اور عدالت کے فیصلہ کے مطابق بھی کسی دوسرے فرد یا گروہ کو قطعی طور پر یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ پاکستان علماء کونسل کا نام استعمال کرے ۔

متعلقہ عنوان :