پشاور میں پہلے آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کا باقاعدہ افتتاح

اتوار 23 اپریل 2017 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) پشاور میں پہلے آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا،صوبائی وزیرپبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ شاہ فرمان نے کھلاڑیوں میں کٹس تقسیم کیں اور شارٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ کرکٹ کے شوقین صوبائی وزیر شاہ فرمان خود بھی پی پی سی ایگلز کا حصہ بن گئے۔ افتتاحی میچ میں پی پی سی ڈالفنز نے پی پی سی یونائیٹڈ کے خلاف 65 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور پریس کلب کی سپورٹس کمیٹی کے زیرانتظام اور رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے پہلا آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ باقاعدہ شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب گورنمنٹ حسنین شہید سکول نمبر ایک پشاور کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیرپبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ شاہ فرمان تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرشاہ فرمان نے صحافیوں کے لئے ایسی سرگرمیوں کو خوش آئند قراردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتہائی سخت حالات میں مسلسل کام کرنے والے صحافیوں کے پاس تفریح کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد یقینی طور پر صحافیوں کو ذہنی طور پر تروتازہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نہ صرف شارٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا بلکہ خود بھی کھیلنے کا ارادہ ظاہر کیا جس کے بعد انہیں پی پی سی ایگلز کی ٹیم میں اعزازی طور پر شامل کرلیا گیا اور آنے والے میچوں میں وہ پی پی سی ایگلز کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔

افتتاحی میچ پی پی سی یونائیٹڈ اور پی پی سی ڈالفنز کے مابین کھیلا گیا۔ یونائیٹڈ کے کپتان عمران یوسف زئی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ڈالفنز کی ٹیم نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ جس میں ارشد یوسف زئی کے 77 رنز کی شاندار اننگ شامل تھی۔ضیاء الاسلام نے 41 اور اختر امین نے 23 رنز بنائے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں قاری گل رحمان نے حاصل کیں۔ جواب میں یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ دس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنا سکی۔ کپتان عمران یوسف زئی نے 37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی جبکہ انعام الرحمان 27 رنز بنا سکے۔ ارشد یوسف زئی نے تین جبکہ عدنان اور حمیداللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں فرسٹ آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کے پہلے میچ میں ڈالفنز نے کامیابی اپنے نام کرلی۔ میچ کے دوران سجاد حیدر اور عابد خان نے امپائرنگ جبکہ اعجاز احمد نے کمنٹیٹر کے فرائض سرانجام دیئے۔ٹورنامنٹ کا اگلا میچ پی پی سی جیگوارز اور پی پی سی قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :