پانامہ فیصلے کے بعد ملک کی وزیر اعظم اخلاقی وقانونی حق کھو بیٹھے ہیں با عزت طور پر مستعفی چائیں،میثاق ِ جمہوریت کے تحت پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنایا ،نام نہاد جمہوریت کا ڈرامہ رچا کر اپنی اپنی باریاں رکھی ہوئی ہیں

جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے صوبائی جنرل سیکرٹری یاسر فرید اعوان کا بیان

اتوار 23 اپریل 2017 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری یاسر فرید اعوان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پانامہ فیصلے کے بعد ملک کی موجودہ صورت حال میں موجودہ وزیر اعظم اپنے منصب کا اخلاقی اور قانونی حق کھو بیٹھے ہیں ، لہٰذا انہیں با عزت طور پر مستعفی ہو جانا چائیے،میثاق ِ جمہوریت کے تحت پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنایا ،نام نہاد جمہوریت کا ڈرامہ رچا کر اپنی اپنی باریاں رکھی ہوئی ہیں پانامہ کے فیصلے سے پہلے پیپلز پارٹی کے قائد ِ حزب ِ اختلاف نے ہمیشہ عمران خان پر تنقید کی اور نواز شریف کے ساتھ مفاہمت کا کاروبار چلاتے رہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ اب پانامہ کا فیصلہ آ گیا ہے تو اب پیپلز پارٹی کا نواز شریف کیخلاف عدم اعتماداسی میثاق جمہوریت کے تحت اپنی باری لینا نظر آرہا ہے اس لئے عوام ان سیاسی بہروپوں سے ہوشیار ر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لئے عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے بڑے صبر و تحمل کے ساتھ پانامہ کے فیصلے کا انتظار کیا اور بالآخر وزیر اعظم کو عدالتی فیصلہ کے تحت بد دیانت اور بد عنوان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر اب عدالتی فیصلہ کے مطابق یہ مہر ثبت ہو چکی ہے کہ وہ صادق و امین نہیں رہے لہٰذا انہیں یہ عہدہ چھوڑ دینا چائیے۔