پانامہ ایشو کیوجہ سے قومی مسائل نظرانداز کئے گئے جس سے پختونوں کی مشکلات میں اضافہ ہو،سپریم کورٹ کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہے اس پر اصل روح کیمطابق عملدرآمد کیا جائے، تمام اداروں میں کرپشن کینسر کی طرح پھیل چکا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں جمہوریت ہی ملک کا مقدر ہے ،جمہوری اداروں کے تسلسل سے ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کا عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا ہے کہ پانامہ ایشو کی وجہ سے قومی مسائل نظرانداز کئے گئے جس کی وجہ سے پختونوں کی مشکلات میں اضافہ ہو،سپریم کورٹ کا فیصلہ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس کی اصل روح کے مطابق اس پر عملدرآمد کیا جائے، تمام اداروں میں کرپشن کینسر کی طرح پھیل چکا ہے جو کہ کسی طرح قابل قبول نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی کور کمیٹی نے جے آئی ٹی کے بجائے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے پانامہ کی تحقیقات کی حمایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت ہی اس ملک کا مقدر ہے اور جمہوری اداروں کے تسلسل سے ترقی و خوشحالی کا نیا دور دورا ہو گا،وہ گائوں متھرہ پشاور میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کسی بھی ایسے اقدام کی اجازت نہیں دے گی جس سے جمہوری عمل پر آنچ آسکے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہیے تاکہ اداروں کی فعالیت قائم ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ مشال خان جیسا واقعہ اس سے پہلے کبھی بھی پختونوں کے معاشرے میں نہیں ہوا ہے اور اس واقعہ نے ہماری روایات اور اخلاقی اقدار کو نقصان پہنچا یاہے۔انھوں نے کہا کہ مقامی ویونیورسٹی انتظامیہ، ملوث عناصراور سہولت کار ایک دوسرے کو تحفظ دینے میں مصروف ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان تینوں کا ایک گٹھ جوڑ ہے جن کو بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔انھوں نے تفتیشی عمل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحیح سمت میں نہیں جا رہا اور اس کی سست روی سے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر تفتیش میں بد دیانتی کی گئی اور ملزمان اور ان کے سہولت کاروںکو بچانے کی کوشش کی گئی تو اس کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ اصل ملزمان اور سہولت کار اب لوگوں سے چھپے ہوئے نہیں ہیں اور اگر ان کو پس پردہ رکھنے کی کوششوں کو عوامی طاقت کے ذریعے بے نقاب کیا جائے گا۔ انھوں نے بلاک شناختی کھولنے کو ایک صحیح اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انھوں نے کہا کہ شناختی کارڈ بندش کی وجہ سے پختونوں کو بے تحاشہ مسائل کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شناختی بندش نے پختونوں کے سماجی اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کئے او راگر اس کا بروقت حل نہ نکا لا گیا تو بہت سے پختون آنے والے انتخابات اپنی حق رائے دہی سے بھی محروم رہ جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تصدیقی عمل کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے انجام تک پہنچانا چاہیے تاکہ پختونوں کی مایوسیوں کو دور کیا جاسکے۔اجتماع سے سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپا?،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر اور پارٹی کے دیگر رہنما?ں نے بھی خطاب کیا۔