سیاسی مخالفین کی طرف سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے، حاجی شاہ جہاں

اتوار 23 اپریل 2017 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی ایس ایم شاہجہاں نے ک حزب مخالف کی جانب سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے استعفے کے مطالبے کو کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہونے والے میاں محمد نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے کبھی اپنے علاقے کے کونسلر کا انتخاب بھی نہیںجیت سکے لیکن بڑھ چڑھ کر ملک کے منتخب وزیر اعظم اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کا استعفی مانگ رہے ہیں․ حاجی ایس ایم شاہجہاں نے کہا کہ عدالت عظمی کے واضح اور اکثریتی فیصلے کو من پسند لبادہ پہنانے کی کوششیں ماضی کی طرح اس بار بھی ناکامی سے دوچار ہونگی․ ہمارے رہبر سے استعفی مانگنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کروڑوں کارکنوں کو مشتعل کرنا چاہتے ہیں لیکن کراچی سے خیبر تک میاں محمد نواز شریف کا کوئی چاہنے والا حزب مخالف کی چال میں نہیں پھنسے گا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) خود بھی عدالت عظمی کے فیصلے کو من وعن تسلیم کرتی ہے اور ہم تمام مخالفین کو بھی مجبور کردیں گے کہ وہ انتشار کا راستہ اپنانے کی بجائے انصاف کی بالادستی کا راستہ اپنائیں․ حاجی شاہجہاں نے کہا کہ پاکستان کی بقا سلامتی اور استحکام عدالتی فیصلوں کے احترام سے ہی ممکن ہے اعلی عدالتوں کے مقابلے میں ذاتی پسند اور ناپسند کے فیصلے حاصل کرنے کی روش ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :