لنک روڈ سے چارج پارکنگ وصول کی جائے گی،چیئرمین معید انور

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر صدارت ضلع شرقی میں چارج پارکنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا

اتوار 23 اپریل 2017 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر صدارت ضلع شرقی میں چارج پارکنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ٹریفک کی صورتحال اور چارج پارکنگ کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع شرقی میں ترقیاتی و تعمیری رفتار تیز کرنے کے لئے آمدنی بڑھانے کے اقدمات کئے گئے ہیں جس کے مطابق لنک روڈ سے چارج پارکنگ وصول کی جائے گی، اس سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین عبدالرؤف خان، میونسپل کمشنر منظور حسین عباسی اور ڈپٹی ڈٖائریکٹر چارج پارکنگ جاویدکلہوڑ کے علاوہ چارج پارکنگ محکمے کے عملے نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ کے ایم سی اپنی حدود میں آنے والی سڑکوں پر چارج پارکنگ وصول کرے گی جبکہ ہم اپنی اندرنی شاہراہوں پر چارج پارکنگ کا عمل یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیہ شرقی میں چارج پارکنگ کے محکمے کے اضافے سے ذمہ داری میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسرے جانب یہ ایک خوش آئند عمل بھی ہے جس سے ہماری آمدنی میں اضافہ ہوگا اور ہم اپنے ترقیاتی و تعمیری کاموں کی رفتار تیز کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی بھی آمد ہے اور اس سے پہلے ہی ضلع میں ٹریفک کی صورتحال کو بہتر کرنے کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔