پانامہ اور استعفیٰ سیاست کو چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دے کر انہیں حل کیا جائے، رہنما پیپلز پارٹی لائنزایریا سلمان نورانی

حکمران اور اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل سے توجہ ہٹا کر پانامہ لیکس میں وقت برباد کررہی ہیں

اتوار 23 اپریل 2017 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی لائنزایریا یونین کمیٹی 9 کے سینئر رہنما اور نورانی راہ نجات ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی وجنرل سیکریٹری سلمان نورانی نے کہا ہے کہ حکمران اور اپوزیشن جماعتیں عوامی مسائل سے توجہ ہٹا کر پانامہ لیکس میں وقت برباد کررہی ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کررہے ہیں۔

پانامہ اور استعفیٰ سیاست کو چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دے کر انہیں حل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے نورانی راہ نجات ویلفیئر ٹرسٹ کے دفتر میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سلمان نورانی نے کہا کہ کراچی کو سیوریج کے پانی میں ڈبودیا گیا ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

پانی سندھ کو نہیں مل رہا۔ عوام جائیں تو کہاں جائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران اور اپوزیشن جماعتیں محاذ آرائی چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی سیاست نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات اور فیصلے سے عوام کو کوئی سروکار نہیں۔ عوام کو بس اپنے مسائل کا حل چاہئے۔ حکمران اور اپوزیشن جماعتیں پانامہ لیکس کے ایشوز پر حکومت ہٹانے یا نہ ہٹانے پر سیاست کررہی ہیں جبکہ عوامی مسائل سے منہ موڑ رہی ہیں۔