رینجرز کو اختیارات ملنے پر خیر مقدم کرتے ہیں، امیر بھنبھرو

رینجرز کی وجہ سے ہی کراچی شہر کا امن بحال ہوا ہے، دہشت گردوں کا خاتمہ رینجرز نے ہی کیا ہے، سربراہ سندھ نیشنل پارٹی

اتوار 23 اپریل 2017 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) رینجرز کو اختیارات ملنے پر خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرکے شاندار کردار ادا کیا ہے، رینجرز کی وجہ سے ہی کراچی شہر کا امن بحال ہوا ہے، دہشت گردوں کا خاتمہ رینجرز نے ہی کیا ہے، را کے ایجنٹ الطاف حسین اور اس کی پارٹی جو گذشتہ 30 سالوں سے کراچی میں معصوم شہریوں کا قتل عام کرتی رہی، آج اگر را کے ایجنٹ اور دہشتگردچھپنے پر مجبور ہیں تو وہ رینجرز کی دی ہوئی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لئے ہم نے ہمیشہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی حمایت کی ہے، ان خیالات کا اظہار سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے اپنے ایک جاری کردہ پریس بیان میں کیا، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ کراچی میں امن چاہئے، اگر کراچی میں امن ہے تو پورے ملک میں امن ہے، کراچی میں امن بحال کرانے کا کریڈیٹ رینجرز کو جاتا ہے، سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرکے شہریوں کو امن فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ را کے ایجنٹوں کے ساتھ ساتھ گینگ وار سے کراچی کے شہریوں کو چھٹکارا دلانے میں بھی رینجرز کا اہم کردار ہے، ہم رینجرز کی دی گئی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ کراچی کے امن کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ سندھ کی دل کراچی شہر میں ہمیشہ دہشتگردوں کا راج قائم تھا، آئے روز بے گناہ معصوم شہریوں کا خون بہایا جاتا تھا اور کاروباری حضرات کو بھتے کیلئے دھمکیاں دی جاتی تھیں، آج اگر شہر میں امن اور کاروباری حضرات خوشحال ہیں تو وہ صرف رینجرز کی وجہ سے ہیں، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ اس لئے رینجرز کو اختیارات دینا وقت کی اہم ضرورت تھی، اختیارات میں توسیع کرکے سندھ حکومت نے سندھ پرستی کا ثبوت دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :