عابد شیر علی پیدائشی مسخرے ہیں،اخلاقیات وزیر مملکت بننے سے نہیں خاندانی اور سیاسی تربیت سے آتی ہے‘شوکت بسرا

نواز ، شہباز، اور چودھری نثار کے قصے کسی سے چھپے نہیں عابد شیر علی اور اس کے والد کیلئے رانا ثنا اللہ ہی کافی ہے‘سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب

اتوار 23 اپریل 2017 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے عابد شیر کے بیان کو سیاسی بیہودگی قرار دیتے ہوئے کہاکہ عابد شیر علی کے بیان پر کوئی حیرت نہیں یہ پیدائشی مسخرے ہیں،اخلاقیات وزیر مملکت بننے سے نہیں خاندانی اور سیاسی تربیت سے آتی ہے۔

(جاری ہے)

شوکت بسرا نے کہاکہ عابد شیر علی کے اخلاق سے گری ہوئی زبان ان کی خاندانی اور سیاسی تربیت کا مظہر ہے عابد شیر علی آصف زرداری کی فکر چھوڑیں اپنی چور قیادت کے دن گننا شروع کرے۔

انہوںنے کہاکہ جھوٹے قصے کہانیاں سنانے والے زبانوں کو لغام دیں ہماری قیادت پر حملے بند نہ ہوئے تو کئی طلاقوں کی حقیقی کہانیاں اور راتوں کے قصے سامنے آئیں گے ۔ ہم صرف ان لاچار افسروں اور ان کی بے بس بیگمات کی عزت کی وجہ سے چپ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عابد شیر علی جھوٹ بولو گے تو ہم سچ بولیں گے پھرکسی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ نواز ، شہباز، اور چودھری نثار کے قصے کسی سے چھپے نہیںجبکہ عابد شیر علی اور اس کے والد محترم کیلئے رانا ثنا اللہ ہی کافی ہے۔