ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ کی اختتامی تقریب (آج )منعقد ہوگی

اتوار 23 اپریل 2017 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے تحت ہونیوالی پہلی ایف ایم سی سکواش پریمیئر لیگ کی اختتامی تقریب آج بروز ( پیر ) کو دوپہر دو بجے منعقد ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق سات روز تک جاری رہنے والی پہلی ایف ایم سی سکواش پریمئر لیگ میں سات ٹیموں نے آپس میں بہترین مقابلے کیے۔ اب تک کے مقابلوں میں ٹریٹ فالکنز کی ٹیم حیران کن طورپر آخری دو میچز جیت کر پہلے نمبر پر پہنچ چکی ہے ۔

باقی ٹیموں کے ابھی آپس میں میچز جاری ہے جس کے بعد پوائنٹس ٹیببل کے مطابق ٹیموں کی پوزیشن واضح ہوگی۔ سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے مطابق فائنل دن کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل شاہد اختر علوی سینئر وائس پریذیڈنٹ پاکستان سکواش فیڈریشن ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، سینئر نائب صدور،خزانچی اور بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی تعداد کی آمد بھی متوقع ہے۔

شیراز سلیم نے تمام سپانسرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سکواش کو سپورٹ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی فاروق شاہد، چودھری عمر سعید، میر شعیب احمد، عمران مختار، رضوان ظہور اور دیگر اپنی سپورٹ جاری رکھیں گے۔ساتویں دن ٹریٹ فالکنز نے فیورٹ سروس سٹارز کو 4-3 سے ہرا یا جبکہ دوسرے میچ میں ایف ایم سی سٹرائیکرز نے ڈائمنڈ پینٹس لائنز کو 4-3 سے ہرا یا جبکہ ساتویں دن کے آخری میچ میں ٹرسٹ میورکس نے جی این سی کو 5-1 سے ہرا دیا۔