ممبئی میں پاکستانی مصنوعات کو جلانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘میاں مقصوداحمد

بھارت کی پالیسی جارحانہ اور پاکستان دشمنی پر مبنی ہے،ہندوستان کو اسی کی زبان میں جواب دیاجائے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 23 اپریل 2017 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کل بھوشن کی سزا کے خلاف مودی حکومت تمام اخلاقی حدود پار کرچکی ہے،ممبئی میں ہندوانتہاپسندوں کی جانب سے پاکستانی کپڑابازار پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حملے کے دوران بھارتی پولیس محض تماشائی بنی رہی اور حملہ آوروںنے پاکستانی مصنوعات کو آگ لگادی۔

اس گھنائونے واقعے سے ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت سے تجارت مکمل طورپر بند کرے اورانڈین مصنوعات کابائیکاٹ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کل بھوشن نے ’’را‘‘ کے لیے کام کرنے کا خود اعتراف کیاہے۔وہ انڈین نیوی کا حاضر سروس افسر ہے جو بلوچستان سے کچھ عرصہ قبل گرفتار کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

را، موساد اورسی آئی کاگٹھ جوڑپاکستان میں دہشتگردی کو سپورٹ کررہا ہے۔پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہندوستان کو اسی کی زبان میں جواب دیاجائے۔ہندوستان کے حوالے سے پاکستانی حکمرانوں کی لچکدار پالیسیاں ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔پاکستان میں تخریب کاری،انتشار اور بدامنی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

بھارت کی پالیسی جارحانہ اور پاکستان دشمنی پر مبنی ہے اس سے حالات بہترہونے کی بجائے مزید خراب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی انتہاہوچکی ہے۔ہندوستان پاکستان دشمنی میں ہواس باختہ ہوچکا ہے۔بھارت نے سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کل بھوشن نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کی سلامتی کے خلاف سرگرمیاں شروع کررکھی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسزکی جانب سے کشمیر میں مظالم کی انتہاکردی گئی ہے۔لوگوں کو ماورائے آئین وقانون اغواکیاجارہا ہے۔پُرتشددکاروائیوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو نابینا بنادیا گیاہے مگر اقوام متحدہ،یورپی یونین اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بدترین ریاستی مظالم پرچپ سادھے ہوئے ہیں۔