Live Updates

حکومت پاناما کیس پر سرکاری خزانے سے 34کروڑ کی وکلاء فیس کا حساب دے‘عبدالعلیم خان

ایفڈرین عباسی عمران خان کے ہاتھوں اپنی شکست کا زخم نہیں بھول سکے ،استعفیٰ دینا ہی ہو گا ‘پارٹی کارکنوں سے گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے دفاع کیلئے بھاری رقوم خرچ ہونا قابل مذمت ہے حکومت پاناما کیس پر وکلاء فیس کیلئے دیے گئی34کروڑ کا حساب دے وگرنہ تحریک انصاف اس معاملے پر بھی قانون کا دروازہ کھٹکھٹائے گی ،قومی اور بین الاقوامی میڈیا حقائق سامنے لے آیا ہے جس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے اور بھنگڑے ڈالنے والوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی سیاسی جماعتوں کے علاوہ وزیر اعظم سے استعفے کیلئے بار ایسوسی ایشن کا مطالبہ بھی انتہائی صائب ہے جس کی پوری قوم حمائیت کرے گی اور ضرورت پڑنے پر سڑکوں پر بھی نکلیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے این ای122کے مختلف علاقوں کے دورے پر پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن چکا ہے اور اب استعفے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب حالات کے خراب ہونے کی ذمہ داری نواز اینڈ کمپنی پر ہو گی جو اپنے ذاتی اقتدار کو بچانے کیلئے ڈھٹائی سے کام لے رہے ہیں اور حنیف عباسی اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کو بد زبانی اور الزام تراشی کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت ایفڈرین عباسی عمران خان کے ہاتھوں اپنی شکست کا زخم نہیں بھول سکے اسی لیے اب وہ تحریک انصا ف کے خلاف گھٹیا بیان بازی پر اتر آئیں ہیں انہیں عمران خان یا جہانگیر ترین کے خلاف گفتگو کرنے سے پہلے پاناما کیس کا فیصلہ اُردو زبان میں پڑھ لینا چاہیے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں کس سیاسی جماعت کا صفایا ہو گا یہ تو وقت ہی بتائے گا عوام بخوبی جانتے ہیں کہ نواز لیگ نی4برسوں میں اپنے انتخابی وعدوں پر ایک فیصد بھی عملدرآمد نہیں کیا اور اب دوبارہ لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان نے این ای122کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ایم پی اے شعیب صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات