وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات و اصلاحاتی پروگرام کا جائزہ

معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر قیمت پر پورا کریں گے، ہمیں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے تیز ی سے آگے بڑھنا ہوگا ،عام آدمی کو بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیںخوزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائیگا، ادویات کی خریداری و تقسیم کا جدید نظام متعارف کرایا اس سے خرد برد وجعلی ادویات کاخاتمہ ہو گا،وزیر اعلیٰ شہباز شریف، ڈائلیسز مشینوں کے آڈٹ کا حکم

اتوار 23 اپریل 2017 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر قیمت پر پورا کریں گے -محنت، عزم اور جذبے سے کام کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ ہمیں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے ، عام آدمی کو بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ، وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام صوبے کے چار اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے اوراس پروگرام کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا،پنجاب حکومت نے ادویات کی خریداری ،ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام متعارف کرایا ہے اوراس نئے نظام سے ادویات کی خرد برد اور جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے کاخاتمہ ہو گا، ادویات کے نمونے تجزیے کے لئے غیر ملکی لیبز میں بھجوائے جا رہے ہیں اورادویات کے نمونے اکٹھے کرنے اور تجزیے کیلئے بھجوانے میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو اعلی سطح کا اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس وزیراعلیٰ زیر صدارت ہوا جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورشعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی کی جانب اہم اقدام ہے - انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں - ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب سے مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی، وزیراعلی نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نصب ڈائلسز مشینوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں نیفرالوجسٹ کی کمی دور کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں،موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر مہیا کر رہے ہیں ،وزیراعلی نے ہدایت کی کہ مزید موبائل ہیلتھ یونٹس کی خریداری کا عمل تیز ی سے مکمل کیا جائے ، بلڈ بنک، خون کے حصول اور انتقال خون کے امور کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائی- انہوںنے کہاکہ صوبے کے 9 ڈویژن میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کاجلد اجراء کیا جا رہا ہے اورموٹر بائیکس ایمبولینس سروس کیلئے سٹاف کی تربیت کا عمل جاری ہے -پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی ایمبولینس سروس کا انتظام محکمہ صحت سے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا ہے - ایمبولینس سروس کے نئے نظام سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے حوالے سے بے پناہ بہتری آئے گی، ایمبولینس کے نئے نظام سے غریب مریضوں کا استحصال کرنے والے مافیا کا قلع قمع ہو گا- انہوں نے کہاکہ پیشنٹ ٹرانسفر سروس حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے ،محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ ادا کرنا ہے - ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تسلسل کے ساتھ کاوشیں کرنے سے نتائج نکلیں گے ،ڈی جی ریسکیو 1122 نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پرانی ایمبولینسز کی نیلامی کے تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں اور81 ناکارہ ایمبولینسز کی نیلامی اسی ماہ ہو گی-صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔