راول ایکسپو میڈیا کانفرنس 2مئی کوہو گی

اتوار 23 اپریل 2017 18:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘ 10 سے 14مئی تک منعقد ہو گی ،راول ایکسپو انٹرنیشنل کے حوالے سے خصوصی میڈیا کانفرنس بدھ 2مئی کو راولپنڈی چیمبر میں ہو گی ۔اپنی نوعیت کی منفرد نمائش میں رواں برس مقامی مینو فیکچررز کی شرکت کے ساتھ ساتھ خواتین انٹرپرنیورز اور گھریلو دستکاریوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی ۔

راولپنڈی چیمبر کی ایگزیبیشن کمیٹی کے وائس چیئرمین و ریجنل ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین خورشید برلاس نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیے ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ثابت ہو گی ۔ قبل ازیں راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام ہر سال وژن کے عنوان سے نمائش کا انعقاد کیا جاتا تھا جبکہ گذشتہ تین برس سے اسے ’’راول ایکسپو ‘‘ کا نام دیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ نمائش میں راولپنڈی کے شہریوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے رواں برس اس نمائش میں انٹرنیشنل کارپوریٹ سیکٹر کی شمولیت کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔خورشید برلاس نے بتایاکہ ’’راول ایکسپو انٹرنیشنل ‘‘10مئی 14مئی تک ٹوپی رکھ آڈیٹوریم ایوب پارک میں منعقد ہوگی ۔نمائش میںکے نمایاں خدو خال پر روشنی ڈالنے کے لیے 02مئی کو راولپنڈی چیمبر میں راول ایکسپو میڈیا کانفرنس منعقد ہو گی جس میں صدر آر سی سی آئی راجہ عامر اقبال راول ایکسپو انٹرنیشنل کے بارے میں صحافیوں کو ضروری تفصیلات سے آگاہ کریں گے ۔