کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی و گہائی موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر کرنے کی ہدایت

اتوار 23 اپریل 2017 18:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء)محکمہ زراعت راولپنڈی نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کاشتکار گندم کی کٹائی و گہائی کا فیصلہ موسمی پیشین گوئی کو مدنظر رکھ کر کریں ۔ترجمان نے کہاکہ راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی کٹائی شروع ہے اور گندم کی کٹائی و گہائی کا عمل رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ماہرین نے کاشتکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کریں۔

(جاری ہے)

کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔ کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور کھلواڑوں کے ارد گرد کھائی ضرور بنائی جائے۔ اگلے سال کے لئے بیج کی تیاری کیلئے فصل کو برداشت سے پہلے جڑی بوٹیوں، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کر لیں۔ فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ علیحدہ کھلیان لگائیں۔ گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر اچھی طرح صاف کر لیں اور پہلی ایک یا دو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔