کارکردگی اور عوام کی خدمت ہی سیاست میں کامیابی کا راز ہیں،دھرنا اور کرپٹ سیاستدانوں کی محمد نواز شریف کیخلاف سازشیں ناکام ہوگئیں،عدالت عالیہ کا فیصلہ من وعن تسلیم کرنے کی بجائے احتجاج افسوسناک ہے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 18:40

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی خدمت اور بہترین کارکردگی ہی سیاست میں کامیابی کا راز ہیں اور کارکردگی کے لحاظ سے محمد نواز شریف کے پائے کا کوئی دوسرا سیاستدان پاکستان میں موجود نہیں ہے۔انہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل کے نواحی قصبے پنڈوڑیاں میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے ایک جذبے سے شب وروز کوشاں ہیں جس کا واضح ثبوت پاکستان کے ہرشعبے میں وہ بے مثال ترقی ہے جس کا دنیا کے ہر فورم پر اعتراف کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کے مقبول ترین سیاسی راہنما ہیں جس کی بنیادی وجہ ہمیشہ عوام دوست اور پاکستان کے مفاد میں پالیسز ترتیب دینا ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف نے محض لفاظی کی بجائے عملی طور پر پاکستان کو ہر لحاظ سے مضبوط ملک بنا کر دکھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس اِس امر کا ہے کہ عمران خان جیسے چند مفاد پرست سیاستدان اقدار کے ایوانوںمیں پہنچے کے لیے ہر قسم کا منفی ہتھکنڈا استعمال کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دھرنوں ،لاک ڈائون سمیت عمران خان محمد نواز شریف کیخلاف ہر ہتھکنڈا آزما چکے ہیں جس کو عوام نے ناکام بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی بھی عدالتوں کا احترام نہیں کیا اور عدالتوں کے فیصلے کو من وعن تسلیم کرنے کی بجائے یا تو اُن کو اپنے مقاصد کے مطابق رنگ دینے کی کوشش کی یا پھر اُن کو بلاواسطہ یا بلواسطہ تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ کسی بھی لحاظ سے ملک میںآئین وقانون کی حکمرانی کے منافی قدم ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدالت عالیہ کے فیصلے کو من وعن تسلیم کرنے کی بجائے اور جے آئی ٹی کو اپنی تحقیقات شروع کرنے سے قبل ہی احتجاج کی دھمکیاں درحقیقت پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی توہین اور متوقع جے آئی ٹی کو دبائو میں لانے کی مذموم کوشش ہے جو ہر لحاظ سے ناقابل قبول عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت دیگر مفاد پرست سیاسی راہنمائوں کو جے آئی ٹی کی تحقیقات کاا نتظار کرناچاہیے اور نواز شریف نے اس ضمن میں بارہا یہ کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور اس مرتبہ بھی وہ اور اُن کا خاندان جے آئی ٹی کی تحقیقات میں بھرپور تعاون کرے گا اور اپنا موقف بیان کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مخالفین کی محمد نواز شریف کیخلاف سازشیں ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی مخالفین کے ہاتھ ندامت اور شرمندگی کے سوا کچھ نہیں آئے گااور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔