تحریک انصاف آزادکشمیر کے زیراہتمام نوازشریف سے استعفے کیلئے (آج) ریلیاں نکالی جائیں گی

اتوار 23 اپریل 2017 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر (آج )بروز سوموار 24 اپریل کو آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام مظاہرے اور ریلیاں نکال کر پانامہ کے فیصلے کے بعد نواز شریف سے استعفیٰ مانگا جائے گا اور اسی طرح آزاد کشمیر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر زبردست احتجاج کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی اور مظاہروں اور ریلیوں کی کامیابی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری خود بھی آج بروز سوموار 24 اپریل باغ کے حیدری چوک میں کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے بھی 28 اپریل بروز جمعتہ المبار ک اسلام آباد میں ایک کال دی ہوئی ہے ۔

پی ٹی آئی کشمیر نے بھی 24 اپریل کو احتجاج کی کال اسی لئے دی ہے تاکہ 28 اپریل کوپی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی کال پر پریڈ گرائونڈ میں ہم سب بڑی تعداد میں اکھٹے ہو کر اجتماعی طور پر نواز شریف سے استعفی مانگیں۔ اس سلسلے میںپی ٹی آئی کشمیر کا موقف ہے کہ نواز شریف کی اسی کرپشن کی وجہ سے آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرایا گیا اورآزاد کشمیر کے لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ اسلئے 28 اپریل کو کشمیری بھی بھرپور طریقے سے اس احتجاج میں شریک ہوں تاکہ آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی والے انتخابات ختم کراکر نئے انتخابات کرائے جائیں اور آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جاسکے۔