ْ ملک میںتعلیمی ادارے کھیلوں کا معیار بہتربنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،جان شیر خان

حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے، سابق عالمی چمپئن

اتوار 23 اپریل 2017 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان ملک میںتعلیمی ادارے کھیلوں کا معیار بہتربنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سہولیات فراہم اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سکواش کے کورٹ تعمیر کروائے جائیں جس میں ایک عام غریب کا بچہ بھی سکواش کھیل سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئرسٹاف چیف مارشل سہیل امان کی ملک میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کے لئے بے پناہ خدمات ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سکواش فیڈریشن کو چاہئے کہ ضلعی سطح پرسکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات کے لئے گرمیوں کی چھٹیوں میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جائے جس سے نئے چہرے سامنے آ سکتے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو وہ مقام نہیں مل رہا ہے جو دیگر ممالک میں مل رہا ہے، حکومت انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور ہمارے ہاں کئی کئی سالوں تک ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایک کھلاڑیوں کے لئے سب سے زیادہ مسئلہ روزگار کا ہے اور یہ بیرون ممالک میں ایسا نہیں ہے اور وہاں پر کھلاڑی بڑے شوق سے کھیلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ہمارے پاس اتنی سہولیات نہیں ہوتی تھیں اور ہم بڑے شوق اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترتے تھے اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ بارچیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ فرحان محبوب نے گذشتہ برس کئی انٹر نیشنل ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن ابھی تک ان کی کوئی خاص حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔