لاہور منشیات فروشی، چوری ڈکیتی اور دیگر مسائل کی وجہ سے لا وارث بن چکا ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

ملک کے تمام سرکاری اداروں کی تباہی وبربادی کے ذمہ دارنااہل اور کرپٹ حکمران ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 23 اپریل 2017 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ لاہور منشیات فروشی، چوری ڈکیتی اور دیگر مسائل کی وجہ سے لا وارث بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہارگذشتہ روزانہوں نے "لاہور لاوارث نہیں " کے موضوع پر منعقدہ سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم ،نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، ملک شاہد اسلم ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، صدر الخدمت فائونڈیشن عبدالعزیز عابد، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد ، وائس چیئرمین ملک منیر ،چوہدری عبدالقیوم گجر، احسان چوہدری ، رہنما جماعت اسلامی خالد بٹ، عامر نثار ، احمد سلمان بلوچ بلدیاتی ، صوبائی ، قومی اسمبلی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ شہر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ٹریفک مسائل ، گردوغبار ، گندگی کے ڈھیر، قبضہ مافیا ،پولیس گردی ، منشیات فروشوں، چوروں اور ڈکیتوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکمران سب اچھا کی بھانسری بجا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، ملک کے تمام سرکاری ادارے کرپٹ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تباہی و بربادی کے دہانے پر آن پہنچے ہیںاور ان اداروں میں عوام کی سنوائی صرف رشوت سے ہی ممکن ہو پاتی ہے ۔

رشوت اور شفارش کے بغیر فائل ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت نہیں کرتی ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زارہونے کی وجہ سے 80فیصد لوگ اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں بڑھانے پر مجبور ہیں اور شہر کے سرکاری ہسپتال بے بسی کی تصویر بن چکے ہیں جہاں ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض علاج کروانے پر مجبور ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ اب عوام کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ملک میں ایماندار قیادت کے ذریعے اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کیلئے انقلابی سوچ اپنا نا ہو گی اور الیکشن 2018 میں ملک کی ایماندار سیاسی ،مذہبی ،جمہوری پارٹی جماعت اسلامی کا ساتھ دیتے ہوئے سراج الحق کی صالح قیادت کو آگے لانا ہوگا ۔

سیمینار میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے شہر بھر کی تمام یونین کونسلز میں سیاسی کونسلیں بنانے کا بھی اعلان کیاجن کامقصد عوامی رابط کو مضبوط بنانا اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں کرپشن سے پاک دیانیدار قیادت کے ذریعے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔