جج کو اپنے ماحول میں رہتے ہوئے ہر قسم کے چیلنج کیلئے تیار رہنا چاہیے،سہیل ناصر

اتوار 23 اپریل 2017 17:20

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک سہیل ناصر نے کہا ہے کہ ایک جج کو ہمیشہ اپنے ماحول میں رہتے ہوئے ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے ۔ اللہ تعالی نے انھیں اٹک میں بہت اچھی ٹیم دی جس نے ان کی توقعات سے بڑھ کر کام کیا اور عدلیہ کا وقار پنجاب بھر میں قائم کیا۔یہ بات انھوں نے اسلام آباد کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں راولپنڈی کے سیشن ججز اور اٹک کے ایڈیشنل سیشن جج اور ان کی بیگمات نے شرکت کی ۔تقریب سے ایڈیشنل سیشن جج عابد رضوان عابد،ایڈیشنل سیشن جج ارشد اقبال اور سینئر سول جج اٹک جہانزیب اختر راجہ نے بھی خطاب کیا ۔ سہیل ناصر نے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دی اور سیشن جج اور سول ججز کے درمیان فاصلے کو کم کر کے ان کے اندر پائی گئی احساس محرومی کو ختم کیا اور انکی اپنے تک رسائی کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے شبانہ روز محنت سے عدلیہ کا وقار پنجاب بھر میں قائم کیا اور ضلع عدلیہ ہر لحاظ سے نمبر ون رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے کوشش کی کہ سب کو ساتھ لیکر چلوں،ان کاکہنا تھاکہ ایک جج کو ہمیشہ اپنے ماحول میں رہتے ہوئے ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر سول جج اٹک جہانزیب اختر راجہ نے کہا کہ سہیل ناصر نے جس خوبصورتی سے اٹک کے عدالتی نظام کو چلایا اسکو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔انھوں نے کہا کہ ججزکے اندر اعتماد بحال کیا جس سے ان کو فیصلہ کرنے میں تقویت ملی۔تقریب کے اختتام پر ججز صاحبان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر کو تحائف پیش کئے۔