اسلام آباد میں رہائشی فلیٹس بنانے کا منصوبہ ، حکومت نے وزارت ہائوسنگ کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظورکرنے کی حامی بھر لی

اتوار 23 اپریل 2017 17:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء)وزیراعظم نوازشریف نے سرکاری ملازمین کے لئے اسلام آباد میں رہائش کی غرض سے فلیٹس بنانے کی سمری پر غور شروع کردیاہے۔وزیرہائوسنگ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کو من وعن منظور کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، پانامہ کیس فیصلے کے بعد جمعیت علماء اسلام (ف) کو مضبوط اتحادی بنانے کے پیش نظر وزیراعظم نے وزارت ہائوسنگ کے تمام پراجیکٹس غیر مشروط طور پر منظور کر نے کی حامی بھرلی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم خان درانی کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لئے سیکٹر ایف سسکس سمت دیگر سیکٹر میں فلیٹس بنانے کی سمری کی فائل وزیراعظم نے گزشتہ روز طلب کرلی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے جمعیت علماء اسلام کو حکومت سے الگ کرنے کی بات کی تھی جس پر حکومت میں کافی بے چینی سی پھیل گئی تاہم وزیراعظم کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وزارت ہائوسنگ سمیت دیگر اہم امور جو کہ جمعیت علماء اسلام کے وزراء دیکھ رہے ہیں ان پر خصوصی توجہ دیں تاکہ اہم اتحاد ان سے الگ نہ کیا جاسکے۔