پاک فوج کے شہداء قوم کے محسن ہیں ،سردار محمد مسعود خان

کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کشمیری جانوں کی قربانی دینا جانتے ہیں،صدرآزادکشمیر

اتوار 23 اپریل 2017 16:40

کھوئی رٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کے محسن ہیں جنہوں نے اپنی جوانی اور جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنایا ، شہید لیفٹیننٹ خاور شہاب کی شہادت پر پوری قوم کو فخر ہے ، ہمارے اس بہادر سپوت نے ملک و قوم کو انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے اپنی جان قربان کر کے ثابت کیا ہے کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیر کی پاکستان کے بغیر کوئی شناخت نہیں، دونوں ایک دوسرے کے لازم وملزم ہیں ۔

کشمیری قوم کو اپنے مایہ ناز سپوتوں پر فخر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف ۔ آر بنوں میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ اور کشمیری قوم کے بہادر سپوت خاور شہاب شہید کے والد گرامی اسسٹنٹ سب انسپکٹر آزاد کشمیر پولیس راجہ عدالت اور ان کی فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، وزیر قانون وانصاف و پارلیمانی امور اور برقیات راجہ نثار احمد ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ارکان کے ساتھ شہید کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ خاور شہاب نے بہادری اور شجاعت کا نیا باب رقم کر کے کشمیری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ صدر سردا ر مسعود خان نے کہا کہ خاور شہاب کی عین جوانی میں شہادت ایک طرف ہمار ا سر فخر سے بلند کرتی ہے ۔ اور دوسری طرف دکھ اور رنج کا ایک کانٹا چبو گئی ہے۔ جسے ہم کبھی دل سے نکال نہ پائیں گے۔ یہ صرف والدین نہیں پوری قوم کا دکھ ہے۔

بحیثیت مسلمان ہمارا عقیدہ ہے شہید زندہ ہیں ۔ اس طرح ہمارا خاور شہاب بھی زندہ جاوید ہے۔ خاور کی شہادت نے کھوئی رٹہ کی ساری وادی بناکو منور اور حسین بنا دیا ہے۔ یہاں جس طرف بھی نظر جائے گی اس کے نقش نظر آئیں گے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ شہید خاور نے پورے آزاد کشمیر اور پاکستان کو اپنے خون کا انمول تحفہ دیا ہے ۔ اس کی شہادت ہندوستان کے لیے یہ پیغام ہے کہ جب تک خاور جیسے سپوت ہمارے ہاں جنم لیتے رہیں گے وہ ہماراکچھ نہیںبگاڑ سکتا۔

ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کر کے مسئلہ کشمیر کو اقوام کے متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے کشمیری امن چاہتے ہیں انہیں 1947کی طرح تحریک شروع کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ کشمیری جانوں کی قربانی دینا جانتے ہیں انہیں موت کا کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ شہادت ہے مقصود و مطلوب مومن۔ بعد ازاں صدر آزاد کشمیر کھوئی رٹہ کی دھرتی کے ایک اور شہید کیپٹن عقیل ارشد کے گھر جا کر ان کے والد بابو محمد ارشد سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ کیپٹن عقیل ارشد وانا آپریشن کیلئے جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں شہید ہوئے تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ شہید وادی بنا کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :