میرپور‘ شہر بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری

اتوار 23 اپریل 2017 15:51

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری غلام یاسین کی خصوصی ہدایت پر شعبہ تجاوزات کی طرف سے شہر بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور طریقے سے آپریشن کلین اپ جاری ہے اس سلسلہ میں شاپنگ سنٹر نانگی ،کلیال ڈی ون سے تھوتھال تک ،علامہ اقبال روڈ ،چوک شہیداں سے میگا واٹ تک میاں محمد روڈ ،میگا واٹ سے پرانی چنگی تک کوٹلی روڈ پر دکانوں مکانات کے آگے پختہ تعمیر شدہ تھڑ ا جات کی مسمارگی جاری ہے اسی طرح روڈ کے کنارے موجود ریڑھی بانوں کے خلاف بھی بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے شعبہ تجاوزات کے ترجمان کے مطابق سیکٹر ایف ٹو کے پلاٹ نمبر147کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ پلاٹ مذکورہ کا نقشہ طے ضابطہ پاس شدہ ہے زائد رقبے پر کسی قسم کی تعمیر کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی اس سلسلہ میں کسی قسم کے دبائو یا لالچ کو قبول کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں کسی قسم کی ناجائز تعمیرات کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی شہر میں تعمیر چار دیواری کی اجازت یا بدوں نقشہ جات کی منظوری کہیں تعمیر جاری ہے ۔اس سلسلہ میں شعبہ تجاوزات پوری طرح متحرک اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہے میاں محمد روڈ اور قائداعظم سٹیڈیم کے گرد ونواح میں ریڑھی بانوں کے خلاف سخت آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کے دبائو یا اثر رسوخ کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔شعبہ تجاوزا ت کے ترجمان کے مطابق شہر کی تمام مین روڈز پر ریڑھی مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس سلسلہ میں شہر کی تمام مین روڈز پر موجود ٹریفک کے دبائو اور ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔