پاکستان کی ایران کو اقتصادی راہداری میں شمولیت کی دعوت

پاکستان کی سلامتی ایران کے لیے انتہائی اہم ہے، اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے، ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لیے پوری طرح آمادہ ہے، ایران اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے سفارتی تعلقات قائم ہیں،دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر ر ہے ہیں،ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی ایاز صادق سے ملاقات میں گفتگو خطے میں قیام امن اور عالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے حوالے سے اسلام آباد اور تہران کے نظریات مشترک ہیں،ایاز صادق

اتوار 23 اپریل 2017 15:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اپریل2017ء) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پاکستان کی سلامتی کو ایران کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ تہران میں پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔

(جاری ہے)

محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے سفارتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کر ر ہے ہیں۔پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں قیام امن اور عالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے حوالے سے اسلام آباد اور تہران کے نظریات مشترک ہیں۔انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری میں شامل ہونے کی بھی دعوت دی۔ایران کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے اسپیکر کے درمیان ملاقات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ مقابلے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔