مشرف نے عشرت العباد کو گورنر مقرر کر کے ایم کیو ایم کی دہشت گردی کو تحفظ فراہم کیا ،مولانا اسد اللہ بھٹو

اتوار 23 اپریل 2017 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) جماعت اسلامی کے نائب امیر مولانا اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ مذہبی تنظیمیں امن چاہتی ہیں دہشتگردانہ اقدام کی سب مذمت کرتے ہیں مشرف نے عشرت العباد کو گورنر مقرر کر کے ایم کیو ایم کے دہشت گردی کو تحفظ فراہم کیا ۔ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اقوام عالم یہ بات تسلیم کر چکے ہیں کہ دہشتگردی کے مراکز پاکستان میں نہیں ہیں ۔

افغانستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے والے اڈے موجود ہیں امریکہ اور اس کے اتحادی عملہ افغانستان میں حکومت کر رہے ہیں ۔ مغربی میڈیا پاکستان میں مساجد اور مدارس کی مخالفت کر رہا ہے جماعت اسلامی نے 2016 ء سے کرپشن فری مہم کاآغاز کر رکھا ہے کشمیر سے کراچی تک احتجاجاً ٹرین مارچ کیا گیا جو کرپشن کے خلاف احتجاج تھا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں کے الیکٹرک نے عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے عوام کو لوٹنے کے لئے نت نئے طریقے ایجاد کر کے عوام پر اضافی ٹیکس کی مد میں بوجھ ڈالا جاتا ہے اب تک عوام سے 16 ارب روپے سے زائد کی رقم عوام سے ٹیکسوں کی مد میں وصول کی جاتی ہے ۔

سندھ کے عوام کو حکومت سندھ بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ وفاق سندھ کے حکمران ٹوکے کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے ۔ ڈاکٹر عاصم حسین اور شرجیل میمن کی رہائی زرداری کے قریبی دوستوں کی گمشدگی سے زیادہ اہم مسئلہ سندھ کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہے جس میں سندھ حکومت ناکام رہی ہے ۔عوام بیماریوں اور محرومیوں کا شکار ہیں ۔ سامراجی طاقتین شام کو تباہ کر کے اسرائیل کو محفوظ کر رہی ہیں بے گناہ عوام کا شام میں قتل عام ہو رہا ہے ۔ امت مسلمہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ امریکہ افغانستان سے فوری طور پر نکل جائے یہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہونی چاہئے ۔ (جاوید/ شیخ منظور)