سپریم کورٹ کے فیصلہ نے ’’نئے پاکستان‘‘ کی بنیاد رکھ دی،نعیم الحق

وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے احتجاجی تحریک کا دائرہ کار ملک بھر تک پھیلائیں گے،وکلاء،تاجر، اساتذہ ، طلبہ اور ڈاکٹرز سمیت ہر شعبہ کے لوگوں کو متحرک کرینگے،بیان

اتوار 23 اپریل 2017 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے اعلانات کا خیر مقدم کرتی ہے اور وزیراعظم کیخلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ کار ملک گیر کر نے کیلئے بار قیادت سے اعلی ترین سطح پر رابطوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کیخلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک گیر سطح تک بڑھایا جائے گا ،وکلا کے ساتھ اساتذہ، طلبہ، تاجر، مزدور اور ڈاکٹرز سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کو متحرک کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد نواز شریف کے پاس وزارت عظمی پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں اور وزیر اعظم ضد اور ہٹ دھرمی سے نہیں اخلاقی برتری اور عوام کی منشا سے حکومت چلاتا ہے۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے جبکہ عدلیہ بحالی کی طرح اب اداروں کی کرپٹ اشرافیہ کے چنگل سے آزادی کی تحریک کا آغاز ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب، ایف آئی اے، اسٹیٹ بنک، ایس ای سی پی سمیت تمام ریاستی اداروں پر سے مجرم ہٹا کر دیانتدار افسران بٹھانا ہوں گے،نواز شریف کی ایما پر پاکستان کو انتشار کی جانب دھکیلنے کی سازش بنی جارہی ہے۔نعیم الحق نے کہا کہ نواز شریف کو پانامہ تحریک سے حاصل ہونے والے ثمرات ضائع نہیں کرنے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :