Live Updates

تمام جماعتوں نے جے آئی ٹی کو مسترد کردیا،چور وزیراعظم کو ہرحال میں جانا ہوگا،عمران خان

ملک کو تباہ کرنے میں نوازشریف اور آصف زرداری کا ہاتھ ہے ،ان لوگوں نے تیس سال تک باریاں لے لے کر ملک کا بیڑا غرق کردیا،چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 14:00

دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کرنیوالی ’’جے آئی ٹی‘‘ کو مسترد کردیا ہے ، وزیراعظم چور ہیں اور انہیں ہرحال میں گھر جانا پڑے گا ،28اپریل کے جلسے میں وزیراعظم پر استعفے دینے کے حوالے سے دبائو ڈالیں گے۔ان خیالات کا اظہار عمران خان نے دادو میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری دونوں کرپٹ ہیں لیکن ان میں ایک منافق اور دوسرا ڈنکے کی چوٹ پر چوری کرتا ہے اور زرداری نے پاکستان کاپیسہ چرایا اور نوازشریف کے بعد اب اس کی باری ہے، ملک کو تباہ کر نے میں آصف زرداری اور نوازشریف کا ہاتھ ہے جو تیس سالوں سے باریاں لے رہے ہیں اور ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے،25 سال سے ملک کو لوٹا جارہا ہے، جو لوگ مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں وہ بے وقوف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ ایسے میں جے آئی ٹی جو وزیراعظم نوازشریف کے نیچے ہے وہ آخر کس طرح نوازشریف کیخلاف تحقیقات کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مہذب معاشرے میں ٹرین حادثے پر وزیرمستعفی ہوجاتے ہیں مگر یہ پر الٹی گنگا بہہ رہی ہے کوئی اپنی غلطی تسلیم ہی نہیں کرتا۔

ایک اور سوال پر عمران خان نے کہا کہ عدالت نے قطری شہزادے کے خط کو مستردکردیا۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ میں دیر سے آیا ہوں، بڑا جلسہ کریں گے اورپاکستان قوم کو بیدارکرنے کے لئے تحریک کاآغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28اپریل بروز جمعہ کو اسلام آباد میں ایک بہت بڑا جلسہ کرینگے جس میں وزیراعظم نوازشریف پر دبائو ڈالیں گے کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات