پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش میں غیر ملکی مندوبین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطے شروع کر دئیے ‘ ریاض احمد

ٹڈاپ کے توسط سے پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بھی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائیگی‘ سینئر وائس چیئرمین سی ایم ای اے

اتوار 23 اپریل 2017 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ لاہور میں منعقد ہونے والی 35ویں پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش میں غیر ملکی مندوبین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطے شروع کر دئیے ہیں ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے توسط سے بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بھی نمائش کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے اور اگر حکومت ہماری سر پرستی کرے تو اس کا دائرہ کار مزید کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری کی ترقی اور اس کی ایکسپورٹ کو دوبارہ عروج دینے کیلئے دیگر ممالک کی طرز پر مراعات اور ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں منعقد ہونے والی 35ویں پاکستان انٹر نیشنل کارپٹ نمائش کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور کاوشیں جاری ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس سے کارپٹ انڈسٹری کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نمائش میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی مندوبین کو ویزوں کے اجراء سمیت دیگر مسائل کے حل کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی ہے جبکہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بھی نمائش کی تشہیر اور غیرملکیوں کو راغب کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :