ثقافتی یلغار سے معاشرہ کھوکھلا ہو گیا ،قوم اپنی ثقافت ،روایات،زبان پر توجہ دے،وائس چانسلر جامعہ کشمیر

اتوار 23 اپریل 2017 13:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء)وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی ثقافت،روایات اور زبان کی طرف لوٹنا ہو گا،ثقافتی یلغار نے ہمارے معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہوا ہے ،دنیا میں جتنی قوموں نے ترقی کی انھوں نے سب سے پہلے زبان کو اہمیت دی ،جدید علوم کو سیکھنے کے لیے دیگر زبانیں بھی سیکھی جانی چاہیں تاہم قومی زبان اردو کو نہیں بھولنا چاہیے ،شعبہ اردو جامعہ کشمیر کا فخرہے ،اس پر تعلیم و تربیت کے ساتھ قوم کی فکری راہنمائی کی دوہری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں،شعبہ کی کارکردگی تسلی بخش ہے،آزادکشمیر کی اعلیٰ عدلیہ کی قومی زبان سے دلچسپی قابل تحسین ہے ، قومی زبان میں کیے گئے فیصلوں کو محفوظ بناتے ہوئے تحقیق کے عمل کو بڑھایا جائے،روایتی نظام سے نکل کر نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آزادکشمیر بھر کے اساتذہ کے لیے کورسز کا اہتمام کیا جائے ،ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں آزادکشمیر یونی ورسٹی کے ریکارڈ کا بھی اردو ترجمہ کروایا جائے گا ،وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی ،ڈاکٹر عبدالکریم نے نئے شعبہ کو چار چاند لگا دیے ،یہی رفتار جاری رہی تو وہ دن ضرور آئے گا جب یہ شعبہ پاکستان اور دنیا بھر میں جامعہ کشمیر کا نا م روشن کریگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ کشمیر شعبہ اردو میں ایم فل ،بی ایس پروگرام کی منظوری کے بعد طلبہ کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،،اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر صدیق اعوان ،سربراہ شعبہ اردو ڈاکٹر عبدالکریم ،فیکلٹی اراکین میر یوسف میر ،عاصمہ کبیر سمیت طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی،کیک کاٹنے کے موقع پر طلبہ کی خوشی قابل دید تھی ،ہال مسلسل تالیوں سے گونجتا رہا ،وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ایم فل کے ساتھ ہی مستقبل میں پی ایچ ڈی کلاسز بھی شروع کریں گے ،قبل ازیں سربراہ شعبہ اردو نے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ دی ،اس موقع پر طلبہ نے وائس چانسلر کو تجاویز بھی پیش کیں۔