وزیراعظم جے آئی ٹی پر اثر انداز نہیں ہوسکتے،مگروہ انکار کرسکتے ہیں،جسٹس(ر) وجیہہ الدین

چھری خربوزے پر گرے یا خربوزہ چھری پر نتیجہ ایک نکلے گا کیونکہ جے آئی ٹی نے شواہد عدالت کو دینے ہیں، گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 13:01

وزیراعظم جے آئی ٹی پر اثر انداز نہیں ہوسکتے،مگروہ انکار کرسکتے ہیں،جسٹس(ر) ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) سابق جج جسٹس وجیہہ الدین صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم جے آئی ٹی پر اثر انداز نہیں ہوسکتے اور اگر چاہیں تو پیش ہونے سے انکار بھی کرسکتے ہیں ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فیصلے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ججز نے جے آئی ٹی کا تقرر کر کے مناسب فیصلہ دیا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے 4ارکان آزاد ہیں تاہم فیصلہ کرنے کا اختیار ان کے پاس نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر اعتراض معاملے کو طول دینے کے مترادف ہے، قانون کے تحت وزیر اعظم جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے انکار کرکے اپنے نمائندوں کو بھیجنے کا حق رکھتے ہیں تاہم نوازشریف پیش ہوں نہ ہوں ان کا کیس بہت کمزور ہے۔جسٹس وجیہہ الدین نے کہا کہ اگر نوازشریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا تو ٹیم ان کے پاس آسکتی ہے تاہم اگر وہ تعاون نہیں کریں گے تو عدالت سمن جاری کر سکتی ہے۔سابق جج نے مزید کہا کہ عدالت نے کیس کو آسان کردیا ہے اور اب چھری خربوزے پر گرے یا خربوزہ چھری پر نتیجہ ایک ہی آئے گا کیونکہ جے آئی ٹی نے شواہد جمع کر کے عدالت کو دینے ہیں۔

متعلقہ عنوان :