کراچی: بدامنی کا بڑا منصوبہ ناکام ،گرائونڈ میں چھپا یا گیا اسلحہ برآمد

رینجرز اور پولیس کی کامیاب کارروائیاں ،لیاری گینگ وار کے ملزم امین بلوچ سمیت 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا امین بلوچ زاہد لاڈلہ کا خاص کارندہ اور وسیم قصر گندی کا چھوٹا بھائی ہے، ملزم کلاکوٹ ،چاکیواڑہ تھانوں پر حملے میں بھی ملوث ہے

اتوار 23 اپریل 2017 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) سکیورٹی اداروں نے کراچی میں بدامنی پھیلانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا،عزیز آباد سے دہشتگردی کیلئے گرائونڈ میں چھپایاگیابھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ رینجرز اور پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران شہر قائد سے لیاری گینگ وار کے ملزم امین بلوچ سمیت 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،امین بلوچ زاہد لاڈلہ کا خاص کارندہ اور وسیم قصر گندی کا چھوٹا بھائی ہے اور ملزم کلاکوٹ ،چاکیواڑہ تھانوں پر حملے میں بھی ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے علاقے لال قلعہ گرانڈ میں زیر زمین اسلحے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کی ۔ سیکورٹی اہلکار ڈھائی گھنٹے تک گرائونڈ میں موجود رہے ۔

(جاری ہے)

زمین میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔ کارروائی کے بعد برآمد ہونے والا اسلحہ نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مطابق اسلحہ ایک عسکری گروپ نے شہر میں دہشتگردی کے لئے چھپایا تھا۔

جبکہ کراچی میں رینجرز کو اختیارات ملنے کے بعد جرائم پیشہ افراد کیخلاف رات گئے کارروائی کی گئی جس کے دوران بدنام زمانہ لیاری گینگ وار کے ملزم امین بلوچ کو کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے علاوہ پولیس نے بلدیہ اتحاد ٹان میں کارروائی کرتے ہوئے پندرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔ایس پی بلدیہ آصف رزاق کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزمان سے اسلحہ اور چار چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔

آپریشن کے دوران انسداد دہشتگردی کی عدالت سے مفرور ملزم گل نواب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف منگھوپیر تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ پولیس نے ناظم آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں بھی آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 5 غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔گرفتار کئے گئے ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ فریئر تھانے کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور چوری کی گئیں چار موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یاسین علی شاہ کو سی سی ٹی فوٹج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ سولجر بازار کے علاقے میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے حاکم علی نامی شخص زخمی ہو گیا۔ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق یوسف پلازہ پولیس نے آئی پی ایل پر سٹیکا اڈا چلانے والے شمعون میمن سمیت پانچ سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے لیپ ٹاپ، موبائل فون، انٹرنیٹ ڈیوائس، نقدی اور بینک اسٹیٹمنٹس برآمد کرلیں ۔دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا گل حسن دوران علاج دم توڑ گیا۔

متعلقہ عنوان :