سیلا ب میں کشمیریوں کو بچانے کا بھارتی وزیر اعظم کا بیان مضحکہ خیز اور سفید جھوٹ ہے، حریت کانفرنس

کشمیریوںکو سیلاب سے بچانے کی ایک بھی مثال پیش نہیں کی جاسکتی ہے

اتوار 23 اپریل 2017 12:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز اور سفید جھوٹ قرار دیاہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سیلاب میں کشمیریوں کو بچالیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہاکہ بھارتی فوج نے سیلاب میں ایک بھی کشمیری کو نہیں بچایا اور اس کے باوجود اٴْس نے ریاستی بجٹ کا ایک بڑا حصہ ہیلی کاپٹر سروس کے نام پر لوٹ لیاہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں نے صرف دٴْکھ اور مصیبتیں اٹھائی ہیں اور اس نے کبھی کشمیریوں کے ساتھ انسانوں جیسا سلوک نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے نئی دہلی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں سے گِلہ کیا کہ ان کی فوج نے کشمیریوں کو سیلاب میں بچایا اور بعد میں انہوں نے ان پر پتھر مارے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مودی نے یہ بات اس وقت کی ہے جب اس کی فوج کشمیریوں کو گاڑی سے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور استعمال کررہی ہے، سرّراہ ان کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے اورتشدد کی ویڈیو بناکر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرتی ہے اور انتخابی ڈرامے کے روز 9شہریوں کو قتل اور 200سے زائدکو زخمی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان اصل میں فوج کے جنگی جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں بھارتی فوج نے صرف اپنے اہلکاروں یا غیر ریاستی ہندئوں کو نکالا اور کسی کشمیری کو سیلاب سے بچانے کی ایک بھی مثال پیش نہیں کی جاسکتی ہے۔ البتہ فوجی ہیلی کاپٹروں نے کہیں کہیں زائد المیعاد بسکٹ پیکٹ گرائے جو کھانے کے قابل نہیں تھے اور بعد میں بھارتی فوج نے اس کے عوض ریاستی فنڈس کا ایک بڑا حصہ زبردستی ہڑپ لیا اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھی چٴْپ چاپ رقم پیش کردی۔

انہوں نے کہاکہ پتھر مارنا صرف ان گولیوں اور پیلٹ کا قدرتی ردّعمل ہے جو کشمیریوں پر چلائی جارہی ہیں اور جن کے ذریعے انہیں قتل اور اندھا کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت اور اس کی فوج کشمیر کو صرف ایک کالونی سمجھتی ہے اور وہ یہاں کی زمین پر قابض رہنے کے لیے یہاں کی پوری آبادی کوقتل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :