مقبوضہ کشمیر، کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کی کتاب کی تقریب رونمائی پر پابندی لگا دی

حریت چیئرمین کی رہائش گاہ کے اطراف میں بڑی تعدادمیں بھارتی پولیس اہلکار تعینات

اتوار 23 اپریل 2017 12:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی کتاب ’’اقبالؒ․․․ روحِ دین کا شناسا‘‘ کی سرینگر میں تقریب رونمائی ناکام بنانے کیلئے انکی رہائش گاہ کو سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے اتوار کے روز صبح سویرے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے ارد گرد بھارتی پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر دی۔

پولیس اہلکاروں نے تقریب میں شرکت کے لیے آنے والوں کو گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیںدی۔ کتاب کی تقریب رونمائی کا آغاز صبح ساڑے دس بجے ہو نا تھا اور اس میں کئی علمی اور ادبی شخصیات کی شرکت متوقع تھی۔ سید علی گیلانی کی یہ تصنیف حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے فارسی کلام کا اردو ترجمہ ہے جس پر انہیں آزاد جموں کشمیر کی میرپور یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا ہے۔