حضرو‘غریب مریضوں کی فلاح کیلئے انجمن بہبود مریضاں ٹی ایچ کیو ہسپتال کی تنظیم نو کر دی گئی

سرپرست اعلیٰ خالد خان، صدر ڈاکٹر جواد ، جنرل سیکرٹری حافظ ہارون،سیکرٹری مالیات حاجی احسان ،سیکرٹری اطلاعات نثار علی نامزد جب بھی کسی نادار مریض کو ایمرجنسی مالی مدد کی ضرورت ہوتو ہر ممکن مدد خدمت کو اپنا اعزاز سمجھیں گے، خالد خان کا اجلاس سے خطاب

اتوار 23 اپریل 2017 12:40

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو میں انجمن بہبود مریضاں کے قیام کا مقصد غریب نادار اور مفلس مریضوں کا مفت علاج کرنا ہے،چھچھ کے مخیر حضرات نے ہمیشہ اپنے فرائض احسن طریقے سے پورے کئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انجمن بہبودمریضاں رجسٹرڈ کے اجلاس میں اراکین عاملہ نے کیا،اجلاس کی صدارت ایم ،ایس ڈاکٹر جوادالٰہی نے کی جبکہ سرپرست اعلیٰ خالد خان، جنرل سیکرٹری حافظ ہارون الرشید ،سیکرٹری مالیات حاجی احسان خان ،سیکرٹری اطلاعات نثار علی خان،آفس انچارج ماسٹر محمد طفیل ،ڈاکٹر خالد لودھی ،سابق کونسلر عمرفاروق، انچار ج سوشل ویلفیئر حضرو محمد خالد نے شرکت کی ،،سرپرست اعلیٰ خالدخان نے کہا کہ غریب مریضوں کو فائدہ پہنچانا ہمارے لئے نجات کا باعث بنے گا انہوںنے انجمن بہبود مریضاں کو اپنی طرف سے فنڈ دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی کسی نادار مریض کو ایمرجنسی مالی مدد کی ضرورت ہوتو ہر ممکن خدمت کو اپنا اعزاز سمجھوں گا ، قبل ازیں ایم ایس و صدر انجمن بہبود مریضاں ڈاکٹر جواد نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال حضرو میں انجمن بہبود مریضاں کے مستحق و غریب مریضوں کی بے لوث مدد کیلئے ہسپتال انتظامیہ تنظیم کے ساتھ مکمل تعاون کو اپنے لیے اعزاز سمجھے گی،اپنے ابتدائی کلمات میں جنرل سیکرٹری حافظ ہارون الرشید نے کہا کہ غریب اور نادار مریض توجہ کے مستحق ہیں ،ان کا تعاون کرنا ہر انسان کی ذمہ داری ہے ،مفلس اور نادار مریض جب بستر علالت پر پڑاہوتا ہے تو وہ کس قدر مجبور ہوتا ہے اس کا اندازہ کرنا آسان نہیں ، انہوںنے کہا کہ فلاح عامہ کے کاموں میں اہلیان چھچھ کی خدمات قابل قدر ہیں امید کرتاہوں کہ انجمن بہبود مریضاں کے پلیٹ فارم سے مخیر حضرات اپنا فریضہ ہمیشہ کی طرح پورا کرینگے ، اس موقع پر تنظیم کی طرف سے امداد جمع کرنے کیلئے بکس شہر میں رکھنے اور آفس کے افتتاح کیلئے مخیر حضرات کو دعوت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ،جبکہ عاملہ اراکین کی طرف سے دیا جانے والا فنڈ مبلغ بیس ہزار روپیہ سیکرٹری مالیات حاجی احسان خان کے پاس جمع کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :